اسلام آباد(ایڈیٹر رپورٹنگ ،صغیر چودھری)انسپکٹرجنرل اسلام آباد پولیس اکبر ناصرنے لانگ مارچ کو روکنے کے لئے طاقت کے بے دریغ استعمال کے امکان کو مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ کسی بھی ناخوشگوارواقعہ سے بچنے کیلئے تعینات تمام فورس ہتھیاروں کے بغیر ہوگی ، مارچ کے دوران بدامنی پھیلانے کی بھی اطلاعات ہیں ، گاڑی اور موٹر سائیکل کو بطور ہتھیار استعمال کیا سکتا ہے تاہم ہم کسی کو ایساموقع نہیں دیں گے،ممکنہ ناخوشگوارصورت حال میں تعینات فورس کے تحفظ کیلئے بھی خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے،پورا یقین ہے کہ آئندہ 48گھنٹوں میں حالات معمول پر آجائیں گے۔’’روزنامہ ممتاز‘‘ کومنگل کولانگ مارچ کی وجہ سے پیداہونے والی غیرمعمولی صورت حال پر دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ مختلف اضلاع سے منگوائی گئی اضافی نفری اسلام آباد پہنچ چکی ہے ،کسی کو شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شہر میں امن قائم رکھنے کے لئے تمام داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینر ز لگائے گئے ہیں،جگہ جگہ رکاوٹوں اور کنٹینرز سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، لانگ مارچ کے اعلان سے امتحانات ملتوی بھی ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اہلکاروں کو زائد المیعاد آنسو گیس کے شیل کے استعمال سے منع کردیا گیا ہے،ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی آبادی خصوصاًخواتین اور بچوں پر ہرگز شیلنگ نہ کی جائے ، اگر بہت ضروری ہو تو پھر طاقت کا استعمال کیا جائے ۔ایک سوال پرآئی جی نے بتایاکہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مزید 170 سکیورٹی کیمرے نصب کئے جاچکے ہیں، آئندہ کچھ عرصے میں پورے شہر میں کیمروں کی تنصیب ہوگی ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سابق وزیر داخلہ کا خونی مارچ کا بیان تشویش ناک ہے،مارچ کے دوران بدامنی پھیلانے کی بھی اطلاعات ہیں ، گاڑی اور موٹر سائیکل کو بطور ہتھیار استعمال کیا سکتا ہے ،ممکنہ ناخوشگوارصورت حال میں تعینات فورس کی پروٹیکشن کے حوالے سے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے ،پولیس فورس کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیس فورس کا مورال بلند ہے ،لاہور میں پولیس اہلکار کی شہادت کا واقعہ افسوس ناک ہے۔انہوں نےکہاکہ اسلام آباد پولیس کو 48 گھنٹوں کا سکیورٹی پلان دیا گیا ہے ، امید ہے کہ آئندہ دو روز میں صورت حال مکمل طور پر بہتر ہوجائے گی ۔
لانگ مارچ ،کسی بھی ناخوشگوارواقعہ سے بچنے کیلئے تعینات تمام فورس ہتھیاروں کے بغیر ہوگی ،آئی جی اسلام آباد








