بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

رفح کے خیموں میں مقیم فلسطینیوں پر بمباری، مزید 41 شہید

غزہ، کراچی (ویب ڈیسک) اسرائیلی طیاروں اور ٹینکوں نے ایک بار پھر رفح کے خیموں میں مقیم فلسطینیوں پر بمباری کردی ، غزہ پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں مزید 41فلسطینی شہید ہوگئے، اقوام متحدہ میں فلسطینی مہاجرین کی بہبود کے ادارے (اونرا ) نے کہا ہے کہ اتوار کے روز رفح میں خیموں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 200افراد شہید ہوئے تھے جن میں بیشتر خواتین اور بچے تھے، اونرا کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر نے ورچوئل کانفرنس میں بتایا کہ عالمی امدادی ذرائع نے ہماری ٹیموں کو بتایا کہ حملے میں 200افراد شہید ہوئے، امریکا اور برطانیہ نے رفح میں خیموں پر اسرائیلی بمباری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے،پینٹاگون کی ڈپٹی پریس سیکرٹری سبرینہ سنگھ کا کہنا ہے کہ امریکا سمجھتا ہے کہ رفح پر اسرائیل کا حملہ اب بھی ’’محدود ‘‘ ہے، امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے رفح میں خیموں پر اسرائیلی فضائی حملے پر کہا ہے کہ اس کیلئے لفظ ’’سانحہ‘‘انتہائی چھوٹا ہے،اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر اسرائیل کا حملہ ایک “افسوسناک غلطی” تھی تاہم رفح میں حماس کے خاتمے تک حملے جاری رہیں گے ۔ امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن غزہ کے رفح میں ہونے والی ہلاکتوں پر “آنکھیں بند” نہیں کر رہے ہیں تاہم مہلک اسرائیلی حملے کے بعد ابھی تک امریکی پالیسی تبدیل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نےرفح حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں خوف اور تکالیف کا سلسلہ بند کیا جائے، جرمن چانسلر الاف شلز نے بھی حملے کو سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی لازمی طور پر تحقیقات کی جانی چاہئے ، اسرائیلی فوج نے منگل کے روز رفح کے علاقے المواسی میں مہاجرین کیلئے مختص علاقے پر بمباری نہیں کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق صیہونی فورسز کے طیاروں نے رفح میں ایک بار پھر خیموں پر طیاروں سے بمباری اور ٹینکوں سے گولہ باری کردی ، اسرائیلی طیاروں نے رفح کے مغربی علاقے المواسی میں پناہ گزینوں کی خیمہ بستی کو نشانہ بنایا جس میں13خواتین سمیت 21فلسطینی شہید ہوگئے، رفح کے مغربی علاقوں میں بمباری سے 7افراد شہید ہوئے، اسی طرح اسرائیلی فورسز نے جبالیہ کیمپ کےمغرب میں واقع الفلوجہ کے علاقے پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوگئے، رفح کے آخری دوبڑے اسپتالوں میں سے ایک کویتی اسپتال نے بھی اسرائیلی طیاروں کے حملوں کے بعد کام بند کردیا ہے۔