اسلام آباد(طارق محمود سمیر) وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں قائم مخلوط حکومت کا پہلا بجٹ پیش کردیا گیا ہے ، بجٹ پیش کرنے کے موقع پر پیپلزپارٹی نے آنکھیں دکھانا شروع کردیں ، اسحاق ڈار ان کو منانے میں مکمل طور پر کامیاب نہیں ہوئے ، جزوی کامیابی کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کے صرف تین رہنما وزیرخزانہ کی تقریر سننے ایوان میں آئے
، پیپلزپارٹی کے خدشات اپنی جگہ کسی حد تک درست بھی ہیں لیکن ان کا اظہار ایک ایسے وقت پر کیا گیا جب مخلوط حکومت کا پہلا اور مشکل بجٹ پیش کیا گیا ، آئی ایم ایف سے مذاکرات کی روشنی میں یہ بجٹ تیار کیا گیا جس میں بظاہر تو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا گیا لیکن نا ن فائلرز کے لئے مشکلات بڑھ گئی ہیں ، کئی شعبوں میں بہت سے ٹیکسز بڑھا دیے گئے ہیں ، پٹرول مزید مہنگا ہوجائے گا، پٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر لیوی 20روپے بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے اور اب لیوی 60سیبڑھ کو 80روپے ہوجائے گی جس کے بعد پٹرول مہنگا ہو گا تو مہنگائی میں نمایاں کمی کے جو دعوے ہیں وہ دھرے کے دھرے رہ جائیں گے ،تاجر دوست اسکیم کامیاب نہیں ہوسکی اور اب تک محض 30ہزار تاجروں کو رجسٹرڈ کیا جا سکا ہے، جب تک ٹیکس وصولی کا دائرہ نہیں بڑھایا جائے گا ملکی معاشی حالات مکمل طور پر درست نہیں ہوسکتے ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 27فیصد اضافہ خوش آئند ہے اور مجموعی طور پر بی آئی ایس پی کیلئے 593ارب رقم مختص کی گئی ہے ،ملک میں بجلی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے سولر پینل انڈسٹری کو فروغ دینے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،سولر پینل تیار کرنے کی غرض سے پلانٹ ، مشنری اور اس کے ساتھ منسلک آلات اور سولر پینل انوٹرز اور بیٹریوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال اور پرزہ کی درآمد پر رعایت دی جارہی ہے تاکہ درآمد شدہ سولر پینل پر انحصار کم اور قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکے ، یہ ایک اچھا اقدام ہے تاہم وزارت توانائی ،گرین اور نیٹ میٹرنگ کے سسٹم میں جو تبدیلیاں لانا چاہتی ہے وہ فی الحال نہ لائی جائیں تو صارفین کو ریلیف ملے گا، وزیر خزانہ نے لگعری الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر دی جانے والی رعایت ختم کردی ہے ،سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے ،یہ ڈیوٹی دو روپے فی سے بڑھا کر تین روپے فی کلو کی جارہی ہے جس سے سیمنٹ کی قیمت میں بھی فوری اضافہ ہوجائے گا ، رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے مزید ٹیکس وصول کرنے کیلئے نئے پلاٹوں ، رہائشی ، کمرشل پراپرٹی پر پانچ فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کردی گئی ہے ، یہ مطالبہ آئی ایم ایف کی طرف سے سامنے آیا تھا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے بہت کم ٹیکس وصول کیا جارہ ہے اس لئے اب پانچ فیصد ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے اس سے اس شعبے پر منفی اثرات بھی مرتب ہوسکتے ہیں ، فاٹا کی صوبہ خیبرپختونخوا میں شمولیت کے وقت کئے گئے وعدے کے مطابق ان علاقوں کے رہائشیوں کو انکم ٹیکس میں چھوٹ ایک سال کیلئے بڑھا دی گئی ہے ،قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے سے قبل پارلیمانی پارٹی اور وفاقی کابینہ کے اجلاس منعقد ہوئے ، حیران کن بات یہ تھی کہ مخلوط حکومت کی پارلیمانی پارٹی میں پیپلزپارٹی کے ارکان شریک نہیں ہوئے اور انہوں نے اپنا الگ اجلاس منعقد کیا جس میں بجٹ کی تیاری میں اعتماد میں نہ لینے اور سندھ حکومت کی تجاویز کو نظرانداز کرنے پر بجٹ تقریر کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، جب یہ اطلاع وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو ملی تو وہ فوری طور پر رانا تنویر کے ہمراہ بلاول بھٹو کے چیمبر میں گئے ،وہاں ان سے مذاکرات کئے جو جزوی طور پر کامیاب ہوئے اور اس کے بعد سید خورشید شاہ ، سید نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر سننے کیلئے ایوان میں آئے ، وزیراعظم شہبازشریف بجٹ تقریر سنتے رہے ، اپوزیشن کی نعرے بازی ہوتی رہی ، نہ نوازشریف بجٹ تقریر سننے آئے اور نہ ہی بلاول بھٹو آئے ،اپوزیشن کی نعرے بازی کے دوران پر اعتماد طریقے سے وزیر خزانہ نے 38صفحات پر مشتمل تقریر پڑھی ۔








