اسلام آباد(طارق محمود سمیر) وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف کی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان سے ملاقات کو حکومتی حلقے ایک اہم بریک تھرو قرار دے رہے ہیں ،وزیراعظم اور ناراض مولانا کے درمیان پہلے مرحلے میں جے یوآئی کے دو اہم رہنمائوں مولانا عطاالرحمان اور مولانا عبدالواسع کی موجودگی میں ملاقات ہوئی ، فوٹو سیشن اور مسکراہٹوں کے تبادلے کے بعد مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم طویل ون ٹو ون ملاقات ہوئی ، وزیراعظم کی معاونت کےلئے کوئی وفاقی وزیر ان کے ہمراہ نہیں تھا اور نہ ہی مولانا فضل الرحمان کی جماعت کا کوئی رہنما موجود تھا ، ون ٹو ون ملاقات کرنے کا مقصد یہی ہوسکتا ہے کہ مولانا نے کھل کر اپنی ناراضگی اور تحفظات کا وزیراعظم سے اظہار کیا اور 8فروری کے الیکشن اور اس کے فوری بعد جے یوآئی کو یکسر نظرانداز کر کے تین جماعتی حکومت بنانے پر اپنی رائے دی جبکہ اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں مولانا کے انتہائی سخت موقف اور تندوتیز پریس کانفرنسز کے بعد وزیراعظم کا ان کی رہائشگاہ پر جانا اور طویل گفتگو کرنا اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ وزیراعظم صرف حال احوال پوچھنے نہیں بلکہ اہم مشن کے تحت مولانا کی رہائش گاہ پر گئے ، جے یوآئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا کے موقف میں کوئی زیادہ تبدیلی نہیں آئی تاہم مولانا نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کوئی اتحاد بھی نہیں کر رہے اور نہ فوری طور پر ایسا ممکن ہے ،وزیراعظم شہبازشریف نے مولانا کو کچھ یقین دہانی بھی کرائی اور ان کے تحفظات دور کرنے کےلئے متعلقہ اداروں سے بات کرنے کا بھی عندیہ دیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحما ن نے واضح کیا کہ وہ کسی ادارے کے اہم عہدیدار سے ملاقات میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے کیونکہ ادارے کی اہم شخصیات نے ان سے بالواسطہ رابطے کئے تھے اور ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی جس پر انکار کیا گیا ، ن لیگ کے ذمہ دار ذرائع یہ کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم کی ملاقات اہم بریک تھرو ہے اور اگلے مرحلے میں مولانا فضل الرحمان کی ن لیگ کے صدر میاں نوازشریف سے ملاقات عید کے بعد طے ہورہی ہے ، مولانا فضل الرحمان نے چند روز قبل ٹیلیفون کر کے میاں نوازشریف کو ن لیگ کا دوبارہ صدر بننے پر مبارکباد دی تھی ، نوازشریف ، مولانا فضل الرحمان سے ایک مرتبہ ون ٹو ون ملاقات بھی کر چکے ہیں ، اب دوسری ملاقات کئی حوالوں سے اہمیت کی حامل ہوگی ۔ دوسری جانب تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اس بات کا واضح اشارہ دےدیا ہے کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور مداخلت کو روکنے کےلئے سیاسی جماعتوں میں جلد مذاکرات شروع ہوں گے اور ن لیگ پیپلزپارٹی سے بھی بات چیت کی جائے گی ، محمود اچکزئی کی یہ بات درست ہے کہ ملک میں آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی ہونی چاہیے لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو سرنڈر خود سیاستدانوں نے کیا ، کبھی عمران خان اسٹیبلمشنٹ کے لاڈلے بن جاتے ہیں تو کبھی ن لیگ اور پیپلزپارٹی ، اب محمود خان اچکزئی عمران خان کی اجازت یا درخواست پر مذاکرات کریں گے ، اس بات کی کون گارنٹی دے گا کہ جو بات محمود خان اچکزئی طے کریں گے عمران خان من وعن عمل کریں گے ، کہیں ایسا تو نہیں ہوجائے گا کہ عمران خان اسٹیبلشنٹ سے معاملات طے ہونے کے بعد محمود خان اچکزئی سے وہی سلوک نہ کریں جس کا شکوہ آج کل مولانا فضل الرحمان اور پیپلزپارٹی کے بارے میں کرتے ہیں ۔ محمود خان اچکزئی ’’کالی بلی ‘‘کا بھی تذکرہ کر رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ 2014دھرنے سے قبل ان کے عمران خان سے بہت اچھے تعلقات تھے اور اس وقت وہ اسٹیبلمشنٹ کے ایجنڈے پر پارلیمنٹ پر چڑھائی کرنے آئے تھے اس لئے میں نے جمہوری قوتوں کا ساتھ دیا اور عمران خان نے ناراض ہو کر میرے بارے میں جو غلط الفاظ کہی انہیں میں نے بھلا دیا ہے ، محمود خان اچکزئی کا شمار اہم سیاسی رہنمائوں میں ہوتا ہے ، وہ ماضی میں ن لیگ کے اتحادی رہے ، 2013سے 2018کی حکومت میں ان کے اہم بھائی بلوچستان کے گورنر اور دوسرے بھائی صوبائی وزیر رہ چکے ہیں اور اسی بات پر عمران خان انہیں نشانہ بنایا کرتے تھے بہرحال سیاسی جماعتیں اگر مسائل کا حل آپس میں مل بیٹھ کر مذاکرات سے نکال لیں تو ملک کا فائدہ ہوگا ،ادارے اور جمہوریت مضبوط ہوگی ، اداروں اورسیاسی قوتوں کے درمیان دوریاں کم کرنے کےلئے اپنی اپنی انا کو ایک طرف رکھ کر ملکی مفاد کا سوچنا ہوگا ۔
مولانا شہبازملاقات،سیاسی بریک تھرو، جے یوآئی سربراہ نے کھل کر تحفظات بیان کئے








