بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی اسمبلی میں نیب کے قوانین میں ترمیم کا بل پیش

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) شہباز حکومت نے قومی اسمبلی میں نیب کے قوانین میں ترمیم کا بل پیش کردیا، جس کے تحت نیب کے متعدد اختیارات ختم کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں نیب کے قوانین میں ترمیم کا بل پیش کردیا گیا ، ترمیم کا بل وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے پیش کیا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ترمیم کے تحت نیب کے متعدد اختیارات ختم کئے گئے، اسوقت تک گرفتاری نہیں ہوگی جب تک تفتیش مکمل نہ ہو، ملزم کو ضمانت کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ 90روز کا ریمانڈ بھی ختم کیاجائےگا، 90روزکا ریمانڈ دہشت گردوں کے لئے ہو تا ہے ، جب تک کوئی مجرم ثابت نہیں ہوتا میڈیا مہم نہیں چلےگی، اثاثہ جات کیس میں سیاسی مقاصدکیلئےاب قانون کو استعمال نہیں کیا جائے گا۔

وزیر قانون نے کہا کہ نیب قانون کو سیاسی اور غلط مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا ، گزشتہ حکومت نے بیشتر ترامیم آرڈیننس کے ذریعے کیں ، چیئر مین نیب کو مزید رکھنے کے لیے ترمیم کی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب قانون میں ترمیم ہےکہ یہ شخص ملک سےبھاگ نہیں رہا، دہشت گردی ، قتل کےجرم میں ضمانت ہے تو نیب کے قانون میں کیوں نہیں، نیب کے پاس اختیار تھا کہ 90 روز اپنی تحویل میں رکھے، اس عقوبت خانے سے متاثرین کو نکالیں گے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاستدانوں ، بزنس مینوں، تاجروں سمیت ہر طبقے کیلئےقوانین لائے ہیں، ایک آرڈیننس چیئرمین نیب کے حوالے سے جاری کیا گیا اور توسیع دی گئی ، اس کے بعد کچھ اور ترامیم کی گئی، جس سےسول سرونٹس کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

وزیر قانون نے بتایا کہ بغیر کسی ثبوت کے سول سرونٹس کو جیل میں ڈالا گیا ، سیاستدانوں کو انکی آواز تبدیل کرنے کیلئےاس نیب کے قانون کو استعمال کیا گیا، ججز نے کہا کہ نیب کو سیاستدانوں کو دیوار سے لگانے کے لئے استعمال کیا گیا۔