بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پیپلز پارٹی حکومت میں شامل ہوگی تو ناکامی کا ملبہ اٹھانا پڑے گا،گورنر پنجاب

 لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی حکومت میں شامل ہوگی تو ناکامی کا ملبہ اٹھانا پڑے گا،ہتک عزت بل کے معاملے پر پنجاب حکومت نے دھوکا کیا انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، پارٹی کے اندر حکومت میں شمولیت کیلئے رائے بہتر نہیں۔
  نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کا 16 ماہ کا تجربہ اچھا نہیں رہا۔
پیپلزپارٹی کا مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کا تجربہ اچھا نہیں رہا ہے اور پارٹی میں اس پر کئی بار تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ہے ۔دریں اثناءگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے سندس فاؤنڈیشن لاہور کے دفتر کا دورہ کیا ۔گورنر پنجاب نے سند س فاونڈیشن میں مریضوں کو دستیاب سہولتوں کی تعریف کی اورخون کا عطیہ بھی دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ آزادی اظہار کے حق میں رہی ہے۔
 ہتک عزت بل سے متعلق کوئی دعویٰ نہیں کیا تھا۔ طے پایا تھا کہ حکومت اور صحافیوں کی ایکشن کمیٹی کی ملاقات ہوگی۔ یہ طے پانے کے بعد میں بیرونی دورے پر چلا گیا۔ بل پر دستخط نہ بھی کرتا تو بھی اس نے منظور ہوجانا تھا۔گورنر کے پاس کو ئی ایسا اختیار نہیں کہ کسی قانون کو بننے سے روک سکے۔گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ٹرائل سے قبل 30 لاکھ روپے تک ہرجانہ بھجوایا جا سکے گا، ہتک عزت قانون کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری قائم مقام گورنر نے دستخط کردئیے، پنجاب میں ہتک عزت بل قانون بن گیا۔
ہم نے ہمیشہ آزادی اظہارکا احترام کیا ہے۔خیال رہے کہ 8جون کو پنجاب میں اپوزیشن اور صحافیوں کے تحفظات نذر انداز کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب نے ہتک عزت بل پر دستخط کر دئیے تھے جس کے بعد بل باقاعدہ قانون بن گیاتھا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کے رخصت پر جانے کے بعد قائم مقام گورنر ملک احمد خان نے ہتک عزت بل پر دستخط کئے تھے۔ہتک عزت بل کو واپس پنجاب اسمبلی بھجوا دیا گیا۔
ہتک عزت بل کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیاگیا تھا جس کے بعد یہ نافذ العمل ہوگیا تھا۔گزشتہ ماہ پنجاب اسمبلی سے ہتک عزت بل پاس ہوا جسے منظوری کیلئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو بھجوایا گیاتھا۔ گورنر پنجاب نے ہتک عزت بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا۔یاد رہے اس سے قبل 20مئی کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اور صحافتی تنظیموں کے تحفظات اور احتجاج کے باوجود صوبائی حکومت کا پیش کردہ ہتک عزت بل 2024 منظور کرلیا گیاتھا۔
ایجنڈے پر ہتک عزت بل شامل ہونے پر اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے بل کے خلاف نعرے بلند کئے تھے۔ اپوزیشن کی جانب سے شدید نعرے لگائے گئے اور احتجاج کیا گیا جبکہ صحافیوں نے بھی پریس گیلری کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسمبلی احاطے میں احتجاج کیا جبکہ ملک گیر احتجاج کی کال بھی دی تھی۔اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں صحافتی تنظیموں کے عہدیداران نے بل کو صحافتی برادری پر شب خون قرار دیاتھا۔اپوزیشن نے بھی ہتک عزت بل کو مسترد کردیاتھا۔ اپوزیشن نے بل سے متعلق 10 سے زائد ترامیم پنجاب اسمبلی میں جمع کرائیں تھا۔اپوزیشن نے بل کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے بل کے خلاف احتجاج کیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں تھیں۔