بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک کو درپیش بحری سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے پوری طرح تیار ہیں،نیول چیف

راولپنڈی/کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک )پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ملک کو درپیش بحری سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے پوری طرح تیار ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایڈمرل امجد خان نیازی نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سٹوڈنٹس افسران سے خطاب کیا۔ سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل امجد خان نیازی نے ملکی دفاع میں مسلح افواج کی طرف سے پیش کی گئی قربانی کو سراہا۔انہوں نے نئی ابھرتی پیچیدہ سکیورٹی کی فضاء سے عہدہ برا ہونے کےلئے جدید ترین رجحانات سے روشناس ہونے اور بھرپورکوششیں کرن کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ فوجی کارروائی کے جدید تصور میں اشتراکیت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ،آج کی جنگ میں کامیابی کےلئے اشتراکیت ضامن ہے ۔پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ موجودہ جغرافیائی سٹراٹیجک صورتحال میں پاک بحریہ ہائبرڈجنگ کے تحت درپیش بحری سلامتی کے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ بری فوج اور فضائیہ کے فعال تعاون سے ملک کو دریش بحری سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے تیار ہے ۔ قبل ازیں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج نے ان کا استقبال کیا۔پاک بحریہ کے سربراہ نے غیر ملکی افسران سمیت تدریسی عملے اور سٹوڈنٹس افسران کے ساتھ بات چیت کی ۔ نیول چیف نے کور ہیڈکوآرٹرز کوئٹہ کا بھی دورہ کیا ۔انہوں نےمسلح افواج کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔