بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گنڈاپوروفاق سے پھرمحاذ آرائی کی راہ پر،کشیدگی بڑھنے کاخدشہ 

اسلام آباد (طارق محمودسمیر) وزیراعظم میاں شہبازشریف نے پیپلزپارٹی کے تحفظات دورکرنے کیلئے صدرمملکت آصف علی زرداری کے بعد پارٹی کے چیئرمین وسابق وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری سے بھی ٹیلی فون پر رابطے قائم کئے ہیں جن کا مقصد آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری کو ہرصورت یقینی بنانا ہے،وزیراعظم عیدکے موقع پرخاصے متحرک نظرآئے،کئی ممالک کے رہنماوں سے ٹیلی فون پر بات چیت کرکے عیدکی مبارکباد دینے کے علاوہ دوطرفہ تعلقات پر بات کی ،وزیراعظم نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے بھی رابطے کئے،ان کا سب سے اہم رابطہ بلاول بھٹوزرداری کے ساتھ ہوا ہے ،بجٹ تقریرکا بائیکاٹ کرکے پی پی پی نے ن لیگ کو آنکھیں دکھائیں ،بجٹ پر تحفظات اپنی جگہ اہم ہیں مگر پی پی پی کے ارکان کی زیادہ شکایات وفاقی وزراء کے رویئے سے متعلق ہیں ،احسن اقبال ہوں یا محسن نقوی ،کوئی وزیرپی پی پی کے ارکان کے ٹیلی فون نہیں سنتا اور نہ ہی ان کے کام کئے جاتے ہیں،،ایسے حالات میں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار ریسکیو کے لئے میدان میں آئے جن کی چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی سے ملاقات بھی ہوئی ہے،پی پی پی قیادت پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نوازکے بارے میں گلے شکوے کررہی ہے،پنجاب میں  سپیس مانگی جارہی ہے،میرے خیال میں پنجاب کابینہ میں پی پی   شمولیت چاہتی ہے انہیں اسحاق ڈارنے پیغام دیاہے کہ کابینہ میں شمولیت وفاق اور پنجاب میں ایک ساتھ ہی ہونی چاہئے،کئی وزارتیں خالی پڑی ہیں،پی پی پی قیادت کابینہ میں شمولیت سے متعلق جلدآگاہ کرے،ذرائع کادعویٰ ہے کہ بجٹ کی منظوری کے بعدجولائی میں پی پی پی کو وفاقی کابینہ میں بھرپورحصہ ملے گاوفاق میں ن لیگ کی حکومتپی پی کی وجہ سے قائم ہے،پیپلزپارٹی نے صورتحال سے خوب فائدہ اٹھایا،صدر،چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی سپیکرکے آئینی عہدے حاصل کرلئے ،اب وزیراعظم شہبازشریف اور ان کی معاشی ٹیم کی کوششوں سے معیشت میں بہتری آئی ہے ،مہنگائی 38فیصد سے 11فیصدپرآگئی ہے،آئی ایم ایف کے ساتھ تین سالہ طویل مدتی پروگرام کی منظوری سے ڈالرکمزوراور پاکستانی روپیہ مستحکم ہوگا ،ایس آئی ایف سی کے ذریعے غیرملکی سرمایہ کاری بھی آرہی ہے،اگر پی پی پی نظام کو مضبوط بنانے میں سنجیدہ ہے تو کابینہ کاحصہ بننے پڑے گا،دوسری جانب پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نوازکی 100روزہ کارکردگی کو عوامی حلقوں میں سراہاگیاہے ،سروے رپورٹ کے مطابق 55فیصد شہریوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کی تعریف کی ہے جب کہ ایسے سینئرصحافی ،جو ن لیگ کی ہمیشہ مخالفت کرتیہیں وہ بھی وزیراعلیٰ مریم نوازکی کارکردگی کی تعریف کرنے پرمجبورہوگئے ہیں،عیدکے موقع پر آلائشوں کی صفائی کابہترین انتظام کیاگیا،جدیدطریقے استعمال کئے گئے جو خوش آئند ہے،گرمی میں لوڈشیڈنگ میں اضافے سے عوام پریشان ہیں خیبرپختونخوا میں لوگ احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک مرتبہ پھروفاق کو دھمکیاں دی ہیں اور گرڈ اسٹیشن پر جلوس لے کرگئے اور بجلی کا بارہ گھنٹے کا شیڈول طے کیا،پیسکو کے زیرکنٹرول علاقوںمیں بجلی چوری اور لائن لاسز اسی فیصد تک پہنچ گئے ہیں،صوبائی حکومت عوام کے جذبات ابھاررہی ہے حالانکہ گزشتہ ماہ وفاقی حکومت اور وزیراعلیٰ کے درمیان معاملات طے پاگئے تھے علی امین گنڈاپور قانون کو ہاتھ میں لینے سے گریزکریں اور وفاق کے ساتھ مشاورت سے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں،بجلی چوری روکنے میں پیسکو سے تعاون کریں تولوڈشیڈنگ کے دورانیہ کو کم کیاجاسکتاہے۔