دنیا بھر میں بین المذاہب شادیوں کا رواج عام ہوتا جا رہا ہے جس کی اہم وجہ دنیا کا ایک گلوبل ویلیج بن جانا ہے۔
بین المذاہب شادیوں کا رواج ناصرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک میں بھی عام ہے۔
جہاں بیرونِ ملک سے متعدد عیسائی خواتین پاکستانی لڑکوں سے شادی کرنے کے لیے خود یہاں آ چکی ہیں وہیں یہ عام روایت بن جانے والا رواج سرحد پار ملک بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی بڑھتا جا رہا ہے۔
بالی ووڈ میں ماضی سے لے کر حال تک متعدد آن اسکرین کے بعد حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ پیار کرنے والے جوڑے مذہب کی پرواہ کیے بغیر شادیاں کر رہے ہیں جن میں جَلد ہی اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال کاجوڑا شامل ہونے جا رہا ہے۔
بھارتی متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا رواں ماہ اپنے مسلم بوائے فرینڈ ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں۔
آیے ایسے میں بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والے ماضی کے اُن جوڑوں پر بھی ایک نظر ڈالتے ہیں کہ جنہوں نے دکھایا کہ محبت کا کوئی مذہب اور سرحد نہیں ہوتی۔
شاہ رُخ خان اور گوری
بالی ووڈ فلموں کے رومانٹک کرداروں کے بادشاہ، مسلم اداکار شاہ رخ خان کی اپنی زندگی بھی کسی رومانوی فلم سے کم نہیں ہے، وہ سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والی اپنی بچپن کی دوست گوری خان سے 1991ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔
مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے کے باوجود دونوں خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں تاہم ان کے بچوں کا مذہب کیا ہے اس پر دونوں خاموش ہیں۔
سیف علی خان اور کرینہ کپور
اداکار سیف علی خان مسلم جبکہ کرینہ کپور کا تعلق ایک ہندو خاندان سے ہے، اس وقت بالی ووڈ میں ان سے زیادہ خوش شاید ہی کوئی اور جوڑا ہو، اس جوڑی کے دو بیٹے ہیں۔
پریانکا چوپڑا اور نک جونس
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و گلوکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی مذہب، رنگ، نسل، زبان اور سرحدوں کو جانب طرف رکھتے ہوئے امریکی معروف گلوکار نک جونس سے شادی کی ہے۔
نک جونس کا تعلق مسیحی گھرانے سے ہے۔
فردین خان اور نتاشا مادھوانی
بالی ووڈ کے ایک اور مسلم اداکار فردین خان نے ماضی کی معروف اداکارہ ممتاز کی بیٹی نتاشا مادھوانی سے 2005ء میں شادی کی جو ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہیں۔
عامر خان اور کرن راؤ
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان مسلم اداکار ہیں اور ان کی سابقہ اہلیہ رینا دتہ اور کرن راؤ ہندو خواتین تھیں۔
عامر خان نے رینا کے بعد کرن سے یہ دوسری شادی کی تھی، یہ بھی ایک بین الامذاہب شادی تھی۔
عرفان خان اور ستاپا سکدار
مرحوم اداکار عرفان خان بھی مسلمان تھے جبکہ ان کی اہلیہ ستاپاسکدار ہندو ہیں، دونوں کی محبت کی کہانی دہلی میں نیشنل اسکول آف ڈرامہ میں شروع ہوئی جو بعد ازاں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ جانے پر مزید مضبوط ہو گئی تھی۔
عمران خان اور آوانتیکا ملک
اداکار عامر خان کے بھانجے عمران خان نے بھی فلموں میں قسمت آزمائی کی لیکن اپنے ماموں کی طرح نام کمانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
مسلم گھرانے میں پیدا ہونے والے عمران خان کی سابقہ اہلیہ آوانتیکا ملک بھی ہندو تھیں تاہم ان کی ازدواجی زندگی کامیاب نہ ہو سکی۔
ریچا چڈھا اور علی فضل
بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف مسلم اداکار علی فضل اور اداکارہ ریچا چڈھا نے گزشتہ سال شادی کی تھی، علی فضل مسلم ہیں جبکہ انہوں نے اپنی طویل مدت سے چلتی آ رہی محبت، اداکارہ ریچا چڈھا (ہندو خاتون) سے شادی کی ہے۔









