بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی پی کابدلتارویہ ،حکومت کی بجٹ پاس کرانے کے لیے متبادل حکمت عملی

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)وزیراعظم شہبازشریف نے مشکل حالات میں بجٹ پاس کرانے کے لئے متبادل حکمت عملی پرغورشروع کردیاہے،پیپلزپارٹی کے ساتھ مذاکرات کو ہرصورت کامیاب بنایاجائے گا،جب کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کو سینیٹ میں اکاموڈیٹ کرنے کےلئے دوقائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ دے دی گئی،ایم کیوایم اور باپ پارٹی کو کابینہ کا حصہ بنانے کا حتمی فیصلہ ہوچکاہے۔نئے وزراء آئندہ چندروز میں حلف اٹھالیں گے ،شہبازشریف کی قیادت میں قائم ہونے والی مخلوط حکومت جہاں ملک کو معاشی طورپر مستحکم بنانے ،آئی ایم ایف کے ساتھ تین سالہ طویل مدتی معاہدہ کرنے اور ملک میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری لانے میں کامیاب دکھائی دے رہی ہے وہیں تحریک انصاف کی طرف سے تگڑی اپوزیشن کابھی سامنا ہے مگر ساتھ ہی اہم اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کے ساتھ اختلافات بڑھتے جارہے ہیں ،پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں پہلے مرحلے میں شمولیت سے انکارکیاتھا اور یہ اعلان کیاتھا کہ وہ حکومت کی غیرمشروط حمایت کرے گی مگر ساتھ ہی اہم آئینی عہدے صدرمملکت ،چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی سپیکر حاصل کرلئے ،پیپلزپارٹی کے کچھ شکوے شکایات جائز ہیں ،بعض وفاقی وزراء کے رویے درست نہیں ہیں،لیکن جن وزراء کے متعلق ان کے شکوے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ کھل کر ان کے نام لیں تاکہ سب کو پتہ چل سکے کہ سچ اور جھوٹ کیاہے؟

دوسری جانب وزیراعظم نے ایک اوراہم اتحادی جماعت ایم کیوایم کو وفاقی کابینہ میں دووزارتیں دینے کا فیصلہ کیاہے جس کے لئے ایم کیوایم کے کنوینئرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی سے مشاورت ہوچکی ہے ،ذمہ دارذرائع کے مطابق ایک وفاقی وزیراور ایک وزیرمملکت کا عہدہ دیاجائے گا جب کہ باپ پارٹی میں سے بھی ایک وفاقی وزیرلایاجارہاہے اور اس کے لئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے باپ پارٹی کے صدر خالد مگسی سے رابطہ کیاہے،جہاں تک جے یو آئی کا تعلق ہے اب تک وہ اپوزیشن کا حصہ ہیں لیکن ہر معاملے میں ایوان میں تحریک انصاف کا ساتھ نہیں دیاجاتا،اپنی الگ شناخت برقراررکھناچاہتی ہے مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا عطاء الرحمان جو سینیٹ میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر بھی ہیں،نے کمال عقلمندی اور سیاسی بارگیننگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینیٹ میں جے یو آئی کے لئے دو قائمہ کمیٹیو ں کی چیئرمین شپ حاصل کرلی ہے انہوں نے اس ضمن میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی اوراسحا ق ڈار سے ملاقاتیں کی تھیں،مولاناعطاء الرحمان کو قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امورکی چیئرمین شپ دی گئی جب کہ مولانا عبدالواسع کو بھی کمیٹی کی چیئرمین شپ دی جارہی ہے یہ پیشرفت وزیراعظم شہبازشریف کی مولانافضل الرحمان سے اہم ملاقات کے بعدہوئی ہے جب کہ قومی اسمبلی میں بھی جے یوآئی کو دو قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ دیئے جانے کاامکان ہے۔