پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی نیت صاف ہے، امید ہے وہ پیپلز پارٹی سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے ،بہتر ہوتا حکومت اتحادیوں سے بات چیت کرکے بجٹ بناتی
کراچی میں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹونے کہا کہ خوشی ہو رہی ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کراچی کے عوام کیساتھ منارہا ہوں، وہ اسی شہر کراچی میں پیدا ہوئی تھیں، ان کا اس شہر اور عوام کیساتھ تعلق تاریخ میں لکھا ہوا ہے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ نے اپنے خوشی کے دن اسی شہر کے عوام کیساتھ گزارے، انکی شادی بھی اسی علاقے میں ہوئی تھی جبکہ میری پیدائش بھی اس علاقے کے قریب سرکاری اسپتال میں ہوئی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمروں کا مقابلہ کیا، اس شہر کے لوگوں نے کبھی محترمہ کا ساتھ نہیں چھوڑا، آپ کی مدد اور آپ کیساتھ کی وجہ سے ہم تیسری بار منتخب ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سے کہا ہے کراچی کے مسائل پر توجہ دیں، مراد علی شاہ آہستہ آہستہ مسائل حل کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے ، نتائج بھی نظر آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی کا مسئلہ ہے ، وزیر اعلیٰ حب ڈیم سے لائن لا رہے ہیں، سندھ ، بلوچستان ، جنوبی پنجاب اور کے پی میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہے، اٹھارہ ، اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے اور بل زیادہ آتے ہیں، ہم غریب عوام کو مفت سولر سسٹم کی سہولت فراہم کریں گے ، سبسڈائز سولر سسٹم بھی عوام کو فراہم کریں گے اور پانچ سال بعد اس منصوبے کو مزید پھیلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے لے کر آئیں گے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں، یہ مشہور تھا کہ شہید بی بی آئیں گی تو روز گار لائیں گی، ہم لیاری ، کراچی اور پورے صوبے کے عوام کیلئے محنت کریں گے، ایسے منصوبے لے کر آئیں گے کہ نوجوان ترقی کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہر کی ترقی کیلئے عوام کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہوں، آپ نے تیسری بار ہمیں منتخب کروایا ہے، ہمیں آپ کی امیدوں کے مطابق کام کرنا ہے، میں نے وزیراعلی سندھ کو آپ کے مسائل پر کام کرنے کا کہا ہے، جو مسائل پیدا ہوئے ہیں ان پر کام کر رہے ہیں، امن و امان کے مسئلے میں بھی بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا مسئلہ ہے، سندھ حکومت دن رات محنت کرے گی کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں، لیاری سمیت کراچی کے عوام کیلئے ہم دن رات محنت کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ججز نے ایسے فیصلے سنائے جو غریب عوام کو روزگار سے روکنے کا باعث بنے، مہربانی کرکے اسٹے ختم کریں تو عوام کو روزگار مل سکے، ہم درخواست کریں گے کہ روزگار فراہم کرنے دیا جائے، ملک کے موجودہ حالات آپ کےسامنے ہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بےنظیربھٹو اب بھی زندہ ہیں، وہ حکموتیں بناتی اور گراتی ہیں، کچھ قوتیں محترمہ بے نظیر بھٹو کو قتل کرکے پیپلز پارٹی کو ختم کرنا چاہتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالیں، مشکل وقت میں ملک کی معیشت کو سنبھالنا ہے ، امید ہے وزیر اعظم نے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریں گے، جدوجہد جاری رہے گی تب تک آپ کو حق نہیں دلاتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نفرت کی سیاست عروج پر ہے، اسلام آباد کے سیاستدان ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں۔
بہتر ہوتا حکومت اتحادیوں سے بات چیت کرکے بجٹ بناتی، بلاول بھٹوزرداری








