اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے نو مئی کے جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں ضمانتیں انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) میں دائر کردیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ شاہ محمود قریشی پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے گئے ہیں، نو مئی کو شاہ محمود قریشی اہلیہ کے علاج کے سلسلے میں کراچی میں مصروف تھے۔
درخواست میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی کو حقائق کے برعکس گرفتار کیا گیا، اور استدعا کی گئی کہ عدالت شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں منظور کرنے کا حکم دے۔
شاہ محمود قریشی پر جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، تھانہ شادمان سمیت جلاؤ گھیراؤ کے 8 مقدمات درج ہیں۔








