اسلام آباد(طارق محمود سمیر)قومی اسمبلی میں بجٹ پر عام بحث کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی ایک دوسرے پر تنقید اور سخت الفاظ کا استعمال ایک روایت رہی ہے لیکن غیر پارلیمانی اور نازیبا اور ناقابل اشاعت الفاظ کا استعمال ماضی میں بہت کم دیکھنے میں ملا ، ہفتہ کے روز بھکر سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے رہنما ثناء اللہ مستی خیل جن کا شمار سنجیدہ اور سنیئر پارلیمنٹرین میں کیا جاتا ہے نے وزیردفاع خواجہ آصف کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال کئے جو نہ صرف غیر پارلیمانی بلکہ ناقابل اشاعت ہیں ، اسپیکر نے ان الفاظ کو حذف تو کردیا لیکن سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو وائرل ہوچکی ہے اور ثنااللہ مستی خیل نے یہ الفاظ معنی خیز انداز میں استعمال کئے جس پر ایوان کا ماحول خراب ہوا ور وہاں بیٹھی ہوئی خواتین کیلئے ایسے الفاظ کا استعمال حیران کن اور شرمندگی کا باعث بنا ،ثنااللہ مستی خیل جو ہر دور میں سیاسی جماعت تبدیل کرتے رہے ہیں ،2002کی اسمبلی میں وہ مسلم لیگ(ق) کا حصہ رہے ،2008اور2013میں ن لیگ میں شامل رہے اور خواجہ آصف کو بڑا بھائی اور انکل کہہ کر بھی مخاطب کرتے تھے پھر ان پر تحریک انصاف کا رنگ چڑھا اور 2018میں آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے کے بعد عمران خان کے دیوانے بن گئے اور یہ بھوت آج تک ان پر سوار ہے ، سیاسی وابستگی کسی بھی جماعت سے رکھنا کوئی بری بات نہیں لیکن پارلیمنٹ کے اندر تقاریر میں ایسے الفاظ کا استعمال کم ہی لوگ کرتے ہیں جیسا آج مستی خیل نے کیا ،خواجہ آصف ایک سینئر پارلیمنٹرین ہیں وہ بھی بعض دفعہ اپنے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کچھ ذومعانی جملے بازی کرتے ہیں البتہ ثنااللہ مستی خیل کو ایک فائدہ ضرور ہوا ہے کہ وہ اب عمران خان کے بہت نزدیک ہوجائیں گے اور جونہی عمران خان کو ان کی تقریر کے مندرجات کا علم ہوگا تو وہ فوری طور پر اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے بھی بلا لیں گے کیونکہ تحریک انصاف میں جو بھی رہنما خواجہ آصف یا ن لیگ کے سینئر رہنمائوں کے بارے میں سخت زبان استعمال کرتا ہے وہ عمران خان کا پسندیدہ بن جاتا ہے ،شیر افضل مروت کی ہی مثال لے لیں عمران خان انہیں بہت پسند کرتے تھے لیکن پبلک اکائونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے معاملے پر وہ غلطی سے خواجہ آصف سے ملاقات کر بیٹھے اور عمران خان نے انہیں ایسی سزا دی کہ اب وہ تحریک انصاف کا حصہ تو ہیں مگر تمام کمیٹیوں سے انہیں نکال دیا گیا ہے ، دوسری جانب روزنامہ ممتاز کی نشاندہی اور خبر شائع کرنے پر ہائبرڈاور الیکٹرک گاڑیوں کے بارے میں نگران دور میں ہونے والے غلط فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے اور وزارت صنعت وپیداوار نے اپنے 12فروری 2024کے نوٹیفکیشن کو واپس لیکر ایف بی آر کو آگاہ کردیا ہے ، سینیٹ کی خزانہ کمیٹی میں یہ معاملہ پیش ہوا ، فیصل واوڈا نے بھی سخت مخالفت کی ، روزنامہ ممتاز نے دستاویزات شائع کیں ،وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویر نے باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ 12فروری کا لیٹر واپس لے لیا گیا ہے اور اس معاملے کی انکوائری بھی کرائی جائیگی ، نگران دور میں اس سے پہلے ایک گندم کا اسکینڈل آیا تھا جس پر چودھری شجاعت حسین کے تاریخی اور روایتی فقرے کے مطابق مٹی ڈال دی گئی ہے ، گاڑیوں کا بھی بڑا اسکینڈل ہے ، کوئی اس کی انکوائری کرانے کو تیار نہیں کہ دو کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ایس آر او کیسے جاری ہوا ؟ نہ ہی کسی عدالت نے اس کا نوٹس لیا اور نہ ہی وزیراعظم نے انکوائری کا کہا ، فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ وہ یہ معاملہ سینیٹ میں پھر اٹھائیں گے ۔








