سکھر: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کچے میں ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے جبکہ دیگر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سکھر میں صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت سندھ میں سیکیورٹی امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ نے کچے اور صوبے کی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کچے کے جرائم پیشہ افراد کو بتدریج قومی دھارے میں لایا جائے جبکہ گھناؤنے جرائم میں ملوث پیشہ ور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے جرائم میں ملوث افراد کی بحالی کر کے ملک کا ذمہ دار اور کارآمد شہری بنانا چاہیے۔
صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سڑکیں، صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے اور کچے کے علاقے کے قبائلی سرداروں پر مشتمل ایک قومی جرگہ بلایا جائے جو امن کے فروغ، سیکورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مقامی آبادی سے مذاکرات کرے۔
ہتھیار پھینکنے والے کچے کے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں لایا جائے، صدر مملکت








