اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ہم میں اتنی صلاحیت ہے کہ پورا ملک بند کر سکتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ قومی اور بین الاقوامی حیثیت کا لیڈر سمجھوتا تو کر لیتا ہے مگر اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹتا، عمران خان کو نظر آیا کہ پاکستانی پاکستانیوں کے ساتھ، فوج اور پولیس کے ساتھ لڑ جائیں گے، عمران خان کو نظر آیا بھائی بھائی کو مارے گا، جانیں جائیں گی، فائدہ شریفوں اور زرداری کو ہو گا، نظر آنے والے نقصان کو دیکھتے ہوئے عمران خان نے 6 دن بعد کا ٹائم دیا ہے۔ سابق مشیر نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی تو تحریک انصاف پورے ملک میں لاک ڈاون کرے گی، میرا نہیں خیال کہ ہمیں ہر چیز میں اسٹیبلشمنٹ کو ملوث کرنا چاہیے، اسٹیبلشمنٹ نے کل بڑا نیوٹرل کردار ادا کیا، فوج صرف آرٹیکل 245 کے تحت سرکاری اور پبلک پراپرٹی کی حفاظت کے لیے بلائی گئی تھی۔زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ضد کے باعث پورا ملک تباہ کر دے گی جبکہ عمران خان کی کوئی انا یا ضد نہیں بلکہ ان کے سامنے ایک مقصد ہے، اگر 6 دن میں بنا کسی جانی و مالی نقصان کے یہ مقصد پورا ہو جائے تو یہ بہت بڑا اقدام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ہم لاہور، کراچی اور اسلام آباد کا لاک ڈاون کریں گے، ہم ان شہروں کا لاک ڈاون کریں گے جن پر ملکی معیشت کا انحصار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب معیشت نہیں چل سکے گی تو تب ہی حکومتی اتحاد کو صحیح معنوں میں سنائی دے گا، ضروری نہیں کہ ہر بندہ اسلام آباد پہنچے، ہم میں قابلیت ہے کہ ہم پورے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کو لاک ڈاون کر سکتے ہیں۔زلفی بخاری کا کہنا تھا ہمارا مقصد یہ دکھانا تھا کہ ہم جب چاہیں جہاں چاہیں پہنچ سکتے ہیں اور پورا ملک بند کر سکتے ہیں اور یہ سب دکھانے میں ہم کامیاب رہے ہیں۔حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے زلفی بخاری کا کہنا تھا حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں کے بارے میں مجھے کوئی معلومات نہیں ہیں، لیکن میرا خیال ہے کہ حکومت یقینا تحریک انصاف کو پیغامات بھیج رہی ہو گی۔
ہم پورا ملک بند کرسکتے ہیں اور یہ دکھانے میں کامیاب رہے، زلفی بخاری








