بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان لانگ مارچ کی تیاریوں میں بھرپورحصہ نہ لینے پر بعض رہنماؤں سے نالاں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کی تیاریوں میں بھرپورحصہ نہ لینے اور جنوبی اور وسطی پنجاب کے پارٹی عہدیداروں اور ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے بارے میں اپنے ذرائع سے معلومات حاصل کرنا شروع کردیں، ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پارٹی عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹائے جانے اور انہیں کسی طرح کی کوئی ذمہ داری نہ دینے کے سخت فیصلوں کا جلداعلان متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ملنے والی رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر خسرو بختیارلانگ مارچ کے دوران کہیں نظر نہیں آئے اور ان کے لاتعلق رہنے کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے علاقوں سے لانگ مارچ میں پارٹی کارکنوں اور تحریک انصاف کی حمایت کرنے والے عام شہریوں کی شمولیت مایوس کن تھی ۔ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب کے ملتان ،بہاولپور، رحیم یارخان سمیت تما اضلاع سے بہت کم رکن اسلام آباد پہنچنے میں کامیاب ہوسکے۔ذرائع نے بتایاہے کہ جنوبی پنجاب کے بعض بڑے رہنما جن میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی شامل ہیں کی اپنے علاقوں کو چھوڑ کر پشاور میں بیٹھ جانا بھی ان علاقوں سے کارکنوں کی لانگ مارچ میں عدم شمولیت کی بڑی وجہ ہے اور ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان اس وجہ سے شاہ محمود قریشی سمیت کئی رہنماؤں سے ناراض ہیں۔ذرائع کے مطابق عمران خان وسطی پنجاب سے لاہور کے علاوہ فیصل آباد ،گوجرانوالہ، گجرات،سیالکوٹ ،سرگودھا سمیت دیگر اضلاع سے بھی عوام کو متحرک کرنے میں پارٹی رہنماؤں کی ناکامی پر سخت ناراض ہیں اور ان اضلاع کے بھی متعدد بڑے عہدیداروں کے خلاف کارروائی متوقع ہے۔