اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس پارٹی سربراہ وسابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہفتہ کو وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں منعقد ہوگا۔عمران خان کی طرف سے کور کمیٹی کے تمام ارکان کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے ۔ جمعہ کو پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں25مئی کو ہونے والے لانگ مارچ میں توقع کے برعکس کم تعداد میں عوام کی شرکت ،لانگ مارچ میں پیش آنے والے مسائل بالخصوص پنجاب بھر میں کئے جانے والے پولیس آپریشن، گرفتاریوں اور 25مئی کے روز لاہور ،راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں پولیس تشدد کے واقعات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پارٹی سربراہ عمران خان کی طرف سے حکومت کو الیکشن کے اعلان کےلئے دی جانے والی 6روز کی ڈیڈلائن ،وزیراعظم کی قومی اسمبلی میں مذاکرات کےلئے کمیٹی بنانے کی پیشکش پر لائحہ عمل ،حکومت کے پیٹرولیم مصنوعا ت کی قیمتوںمیں اضافہ سے عوام پر پڑنے والے اثرات،عوام میں پارٹی کے بیانیہ کو مزید لے جانے ،پارٹی قیادت کے خلاف اسلام آباداورپنجاب بھر مقدمات خاص طور پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے خلاف مقدمات کے اندراج کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس امر کا خاص طور پر جائزہ لیا جائے گا کہ اگر اتحادی حکومت اکتوبر،نومبر تک انتخابات کرانے پر آمادہ نہیں ہوتی تو پھر کیا لائحہ عمل ہوگا ۔اسلام آباد میں پی ٹی آئی ذرائع اس اجلاس کو پارٹی کےلئے انتہائی اہم قراردےرہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بہت سے اہم فیصلے متوقع ہیں ۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع








