اسلام آباد(صغیر چوہدری ) اسلام آباد پولیس نے محرم الحرام کے لئے سیکیورٹی پلان جاری کردیا۔ محرم میں 185 جلوس جبکہ 965 مجالس منعقد ہوں گی۔ 16 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے رینجرز بھی سیکیورٹی کے لئے اسلام آباد پولیس کی معاونت کرئے گی ۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ز اعلی سطحی اجلاس میں حتمی سیکورٹی پلان کی منظوری دی۔ ترجمان پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی پلان سے قبل تمام مکاتب فکر کے علماءو مشائخ،ممبران امن کمیٹی اور دانشوروں سے ملاقاتیں کی گئیں۔ شہر بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کی جائے گی۔
جلوسوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔مجالس اور جلوسوں کے دوران چھتوں پر مسلح پولیس اہلکار ڈیوٹیاں تعینات ہوں گے ۔پولیس کی بکتر بند گاڑیاں خصوصی طور پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود رہیں گی۔مجالس اور جلوسوں کے لئے وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔جلوس کے راستے میں آنے والے تمام چھوٹے بڑے راستوں اور گلیوں کو خاردار تار لگا کربند کیا جائیگا۔جلوس شروع ہونے سے قبل جلوس کے روٹ کی ا سپیشل چیکنگ کی جائے گی اور جلوس کے روٹ کوبم ڈسپوزل سکواڈ کلیئر کرےگی۔تمام مجالس اور جلوسوں کی ڈرون کیمروں کے ذریعے ویڈیو ریکارڈنگ کی جائےگی۔مقامی و غیر مقامی افراد کو مکمل تلاشی کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت ہوگی۔جلوس میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔مجلس اور جلوس میں شامل ہونے والے عزاداروں کومیٹل ڈیٹیکٹرسے چیک کیا جائے گا۔داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے۔
جلوس کے راستے میں زیر تعمیر عمارتوں پر خصوصی نظر رکھی جائیگی۔ مجالس اور جلوسوں میں روشنی کے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں گے۔ اسلام آبادپولیس محرم الحرام میں بھی اپنے پیشہ ورانہ فرائض بھر پور ذمہ داری اور جذبہ سے سرانجام دے گی۔
اسلام آباد پولیس نے محرم الحرام کے لئے سیکیورٹی پلان جاری کردیا








