اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پٹرول مہنگا نہ کرتے تو مزید مہنگائی ہوتی، وزیراعظم نےسستا پیٹرول اورڈیزل اسکیم کا آغازکیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ غریب عوام کی مدد کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کوبھی اضافی معاوضہ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ غریب افراد فون نمبر786 پر شناختی کارڈ نمبر بھیجیں، پٹرول کی قیمت میں اضافے سے روپیہ مستحکم ہوگا، سستا پٹرول،ڈیزل اسکیم کے تحت 2ہزارروپے ملیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اسکیم سے ایک کروڑ40لاکھ خاندان مستفید ہوں گے، پٹرول مہنگا کرنے سے 60ارب روپے کا نقصان کم ہوگا ، شوکت ترین کے فارمولے کے تحت ڈیزل 300 روپے لیٹر ہونا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے معاہدوں نے ہمارے ہاتھ باندھ دیئے تھے، نہیں معلوم کے یکم جون کوپٹرول کی قیمت بڑھے گی یا نہیں، شاید یکم جون کو پٹرول کی قیمت نہ بڑھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ2 سے4 دن میں دوبارہ قیمت بڑھے گی، آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ جون میں ہوجائے گا۔









