کراچی(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ عوام کیلئے بجلی کی قیمتیں کم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، حکومت کے اختتام سے پہلے بجلی کے نرخوں میں کافی کمی کردیں گے، مریم نواز اور بلاول بھٹو نے بجلی مفت دینے کے جتنے وعدے کیے انہیں پورا کرنے میں کچھ دیر لگے گی،جہاں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ ہوتی ہے، بجلی کے بلوں میں اضافی یونٹس لگانے کی تحقیقات کی جارہی ہے،لوگوں کو بجلی چوری کرنا ہمارا محکمہ سکھاتا ہے جبکہ لوگ زبردستی بھی چوری کرتے ہیں،ایک دو سال میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کردیں گے، 200یونٹس تک استعمال کرنے والے دو کروڑ لوگ بجلی کی لاگت سے بہت کم بل ادا کررہے ہیں، سینئر اداکار راشد محمود کا بجلی کا بل ان کے استعمال کیے گئے یونٹس کے مطابق ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اضافی یونٹس لگانے کی تحقیقات کی جارہی ہے، وزیراعظم کو تجویز دی ہے کہ اضافی یونٹس کے معاملہ کی تحقیقات نیپرا سے کروائی جائے، اگر کسی کا 200سے زائد یونٹس کا بل غلط ثابت ہوتا ہے تو ان صارفین پر 200سے کم یونٹس کا نرخ لگایا جائے گا، ممکن ہے پچھلے مہینے سخت ترین ہیٹ ویو کی وجہ سے غریب ترین شخص کے بھی 200سے چار پانچ یونٹ زیادہ بن گئے ہوں ۔ اویس لغاری کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بجلی چوری کرنا ہمارا محکمہ سکھاتا ہے جبکہ لوگ زبردستی بھی چوری کرتے ہیں،بجلی کی چوری ہمارے اسٹاف کے علم کے بغیر نہیں ہوسکتی، بعض جگہوں پر اسٹاف بجلی چوری کرنے والوں سے پیسے لیتے ہیں، ایک دو سال میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کردیں گے، 200یونٹس تک استعمال کرنے والے دو کروڑ لوگ بجلی کی لاگت سے بہت کم بل ادا کررہے ہیں، 200یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پر شفٹ کردیا جائے تو دیگر صارفین پر بوجھ میں کمی آئے گی، حکومت کو ٹیکسوں کے بغیر 35روپے یونٹ بجلی پڑتی ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ 200یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے غریب صارفین کے ساتھ ڈسٹری بیوشن کی نااہلیوں کا بوجھ بھی اٹھارہے ہیں، ڈسٹری بیوشن کمپنیاں 600ارب روپے کا نقصان کررہی ہیں، بجلی کی طلب میں کمی کی وجہ سے انڈسٹری کو ڈیڑھ سو ارب روپے کا ریلیف دیا ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ اس سال 55فیصد بجلی رینیوایبل طریقوں سے بنی ہے، اس سال 75فیصد پاکستانی خام مال سے بنائی گئی ہے، بجلی گھروں کو امپورٹڈ کوئلے سے مقامی کوئلے پر لانے کیلئے کوشاں ہیں، اس سے 300ارب روپے کا فائدہ پہنچے گا ، اپنے دور حکومت میں فرنس آئل پلانٹس ختم کردیں گے، سینئر اداکار راشد محمود کا بجلی کا بل ان کے استعمال کیے گئے یونٹس کے مطابق ہے، عوام کیلئے بجلی کی قیمتیں کم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، حکومت کے اختتام سے پہلے بجلی کے نرخوں میں کافی کمی کردیں گے۔ اویس لغاری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پچھلے دور حکومت میں ملک کو لوڈشیڈنگ سے آزاد کردیا تھا، بلاول بھٹو کا 300یونٹ بجلی فری دینے کا وعدہ بھی ہمارے لیے قابل احترام ہے، پیپلز پارٹی کی حمایت کی وجہ سے ن لیگ وفاقی حکومت میں ہے، مریم نواز اور بلاول بھٹو نے بجلی مفت دینے کے جتنے وعدے کیے انہیں پورا کرنے میں کچھ دیر لگے گی۔ اویس لغاری نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری تک بجلی چوری نہیں روکی جاسکتی، میں حکومت کے بجلی سمیت کسی بھی کاروبار میں رہنے کے خلاف ہوں، بجلی چوری روکنے کیلئے صوبائی حکومتوں کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سپورٹ ضروری ہے، ہمارا لائن مین کنڈے نکالنے جائے تو اسے مار کر بھگادیا جاتا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ معاملات پر اویس لغاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت جہاں اہداف حاصل کررہی ہے وہاں مسائل حل کررہے ہیں، پنجاب میں بجلی چوری اور لائن لاسز کم ہوتے ہیں اس لیے وہاں لوڈشیڈنگ بھی کم ہوتی ہے، پنجاب میں 3100ارب روپے میں سے 3ہزار ارب روپے کی وصولی ہوتی ہے، بجلی چوری کے علاقوں میں بجلی کھول دیں تو اس کا بل کون بھرے گا، علی امین گنڈا پور نے آفیشلی ہمیں کبھی نہیں کہا کہ لوڈشیڈنگ ختم کردیں جتنا نقصان ہوتا ہے ہمارے اکاؤنٹ سے کاٹ لیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ جہاں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ ہوتی ہے، کے الیکٹرک بھی کراچی میں بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کرتی ہے، بجلی کے بل دینے والے علاقے بجلی چوری کرنے والے علاقوں کے بل بھی دیتے ہیں۔
مفت بجلی کا وعدہ پورا کرنے میں کچھ دیر لگے گی، اویس لغاری








