بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

روس کے صدر سے ملاقات مفید رہی، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں بجلی کی ترسیلی لائنز کو بہتر بنانا اور بجلی چوری پر قابو پانا ہے، ملک بھر میں تیل سے چلنےوالے10لاکھ ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے، ملک بھر کے ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے خطیر رقم کی بچت ممکن ہوگی۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ محرم الحرام پرامن گزریں، محرم کی مناسبت سے سیکیورٹی انتظامات بہترین ہونے چاہیے، صوبوں کےساتھ سیکیورٹی تعاون سے قومی یکجہتی اور اتحاد کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں سی ٹی ڈی افسر کی شہادت پر افسوس ہے، خیبرپختونخوا میں شہید سیکیورٹی اہلکاروں کے اہلخانہ سے بھی تعزیت کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ روس کے صدر سے ملاقات مفید رہی، ہماری روسی صدر سے تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی، دورہ چین میں اہم شعبوں میں مزید تعاون کے لیے بریفنگ لی، ہمیں چین کے ساتھ تعاون کے فروغ پر تیزی سے پیش رفت یقینی بنانا ہوگی۔

بلوچستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں 28 ہزار ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی اہم اقدام ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی افسران نے شمسی توانائی منصوبے پرمحنت سےکام کیا، ٹیوب ویلز کے لیے وفاق کے دیےگئے 80 ارب روپے ضائع ہو رہے تھے، ہمیں ترسیلی لائنز کو بہتر بنانا اور بجلی چوری پر قابو پانا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان کا مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ قابل تعریف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں تیل سے چلنےوالے 10لاکھ ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے، ملک بھر کے ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے خطیر رقم کی بچت ممکن ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی سستی بجلی کا فائدہ زراعت اور کاشتکار کو ہوگا، سستی بجلی کے حصول سے زرعی شعبہ تیزی سے ترقی کرےگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی معاشی بہتری کے لیے کچھ نہ کرنا ناانصافی ہوگی، وزارت خزانہ کو بزنس ماڈل بنانے کی ہدایت کردی،صوبوں سے مشاورت کی جائےگی، معدنیات کے بے پناہ ذخائر موجود ہیں جنہیں بروئے کار لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی بندرگاہ پر ہونے والی کرپشن روکنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، کرپشن کی روک تھام سے حاصل رقم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائےگی۔