پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کے خلاف ہوئے آپریشن میں شہید ہونے والےچاروں جوانوں کو ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔
پاک فوج کےسپاہی محمد ادریس شہید کو صوابی میں، بادام گل شہید کو کوہاٹ میں سپردِ خاک کیا گیا۔
سی ٹی ڈی خیبر پختون خوا کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ شہید کو پشاور میں، اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اکرم شہید کو مانسہرہ میں سپردِ خاک کیا گیا۔
شہداء کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں سینئر حاضر سروس فوجی و پولیس افسران، فوجی جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پشاور: فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، 4 جوان شہید
واضح رہے کہ 10 جولائی کو پشاور کے علاقے حسن خیل میں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 جوان شہید ہو گئے تھے۔
شہید ہونے والوں میں صوابی کا 24 سالہ سپاہی محمد ادریس، کوہاٹ کا 34 سالہ سپاہی بادام گل، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ، اے ایس آئی محمد اکرم شامل ہیں۔
پشاور کے علاقے حسن خیل میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا تھا۔
حکومت نے دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللّٰہ پر رواں برس 26 مئی کو حملے میں ملوث تھا۔
مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا تھا۔









