حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کے فیصلے پر سابق اٹارنی جنرل جسٹس (ر) انور منصور کا کہنا ہے کہ اس کیس میں آرٹیکل 17 کا اطلاق ہوتا ہے اور اس میں دیکھا جاتا ہے کہ کس طریقے سے اور کیوں پارٹی کو بین کیا جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) انور منصور نے کہا کہ 1976 میں عبدالولی خان کے خلاف ایک کیس ہوا، اس کیس کے بعد پارٹی پر پابندی لگادی گئی تھی، اس پابندی کے پیچھے ایک وجہ تھی، انہوں نے ایک عوامی تقریر کی تھی اور دھمکی دی تھی کہ ہم پاکستان سے الگ ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کے اس حکم پر تکیہ کر رہی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ فارن فنڈنگ ہوئی ہے، جو کہ بالکل غلط آرڈر تھا اور اس پر ایف آئی اے نے 200 سے 250 لوگوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ یہ الیکشن کمیشن کے حکم کو ثبوت بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانا اتنا آسان نہیں ہے، اس پر طویل قانونی جنگ ہوگی، آپ اس کو بنا ثبوت کے آگے نہیں لے جاسکتے، ایف آئی اے چار سال میں آج تک ایک ثبوت بھی فارن فنڈنگ پر اکٹھا نہیں کر پائی ہے۔








