بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت ہواوے کے ساتھ پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی میں پائیدار اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ہواوے پاکستان (Huawei Pakistan) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن (Ethan Sun) کی زیر قیادت چار رکنی وفد نے ملاقات کی ،وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ دورہ چین میں ہواوے ہیڈکوارٹر کا دورہ انتہائی مفید رہا،ہواوے سے مختلف شعبوں میں بالخصوص نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تربیت فراہم کنے کیلئے اشتراک سب سے اہم ہے،ہواوے کی مدد سے سالانہ تین لاکھ پاکستانی طلباء و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیشہ ورانہ تربیت سے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی،حکومت نہ صرف خواتین بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر اس تربیتی پروگرام کا حصہ بنائے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ہواوے کے ساتھ پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی میں پائیدار اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،ملک میں باصلاحیت افرادی قوت کی مضبوط بنیاد قائم کرنے سے ہی ڈیجیٹل ایکانومی کو فروغ دیا جا سکتا ہے،خودکار، جدید و تیز تر گورننس کے نظام کے نفاذ کے لیے حکومتی اداروں کی ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ہواوے کے مابین ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے لیے تعاون کے معاہدے کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ آئی ٹی کی تربیت کے لیے جدید طرز کا میسیو اوپن آنلائن کورسز سسٹم (Massive Open Online Courses System) تیار کیا جا چکا ہے جسے صوبائی حکومتوں تعاون سے نافذ کیا جائے گا،وفدنے پاکستان کی قومی کلاؤڈ سٹریٹجی سے ہم آہنگ نیشنل ڈیٹا سینٹر بنانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی اورکہاکہ نیشنل ڈیٹا سینٹر کے قیام سے بہتر کلاؤڈ سروسز کی فراہمی یقینی ہو جائے گی اور کثیر زر مبادلہ بچایا جا سکے گا۔اسلام آباد کو سمارٹ سٹی بنانے کے لیے ہواوے حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے،اسلام آباد سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت ٹریفک، صحت اور تعلیم کی خدمات سے لے کر پارکنگ وغیرہ جیسے دیگر سہولیات ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر میسر ہوں گی،ملاقات میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضل اور متعلقہ اعلیٰ افسران شریک تھے۔