بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

PTI پرپابندی:پی پی نے ن لیگ کو نیاراستہ دکھادیا

اسلام آباد(طارق محمودسمیر)مخصوص نشستوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے پرالیکشن کمیشن نے عملدرآمد کرنے کااعلان کرکے یہ واضح اشارہ دے دیاہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارے کے طور پر عدالتی فیصلے کااحترام کرتا ہے اور الیکشن کمیشن کے اس اعلان کے بعد آئینی بریک ڈاؤن ،ایمرجنسی لگنے کی افواہوں اور بعض وفاقی وزراء کے سخت بیانات آئندہ چند روز میں پس منظر میں چلے جائیں گے تاہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے جس انداز میں عدلیہ کے اس فیصلے کو تنقیدکانشانہ بنانے کے علاوہ بعض ججزپر مبینہ طور پر ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کا سنگین الزام لگادیاہے،12 جولائی کو سپریم کورٹ کے آٹھ ججزنے مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کے بجائے تحریک انصاف کو دینے کا فیصلہ دیاجس کے بعد ملک بھرمیں ایک نئی بحث شروع ہوگئی کہ ان آٹھ ججزنے بن مانگے تحریک انصاف کو یہ نشستیں دی ہیں اور آئین کو ازسرنو لکھاگیاہے، اسی دوران حکومت نے نومئی کے ریاست مخالف واقعات میں ملوث ہونے پر پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے جب کہ عمران خان سابق صدر عارف علوی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6لگانے کا اعلان کیاگیا،وزیراطلاعات نے یہ دعویٰ کیا کہ اتحادیوں کو اعتماد میں لیاجاچکاہے لیکن پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ(ق) اور ایم کیوایم نے اعتماد میں نہ لینے کے بیانات دیئے اس فیصلے کے بعد حکمران اتحادکو سخت دباؤ کا سامناہے،پیپلزپارٹی یہ شکوہ کرتی ہیکہ فیصلے کے اعلان سے قبل اعتماد میں نہیں لیاگیا اسی لئے آج ایوان صدر میں مسلم لیگ (ن)کے ایک وفدنے صدرآصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں مسلم لیگ ن کی لیگل ٹیم نے پیپلزپارٹی کو پی ٹی آئی سے متعلق فیصلوں پر اعتماد لیا،  اس دوران پیپلزپارٹی نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل کی حمایت کی جبکہ پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ پہلے پارٹی سطح پر زیر غور لانے پر اتفاق کیا اور مؤقف اپنایا کہ پارٹی مشاورت کے بعد پابندی کا فیصلہ پارلیمان اور کابینہ میں زیر غور لایا جائے،دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ایک اہم اعلان کیاہے کہ وہ عدالتی فیصلے پر عمل کرے گا تاہم لیگل ٹیم کویہ ہدایات بھی جاری کی گئیں کہ فیصلے کے کسی نکتے پر عملدرآمد میں رکاوٹ ہو تو اس کی نشاندہی کی جائے تاکہ سپریم کورٹ سے رجوع کیاجائے،الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر اور چار ارکان کے مستعفی ہونے کے مطالبے کو مستردکرتے ہوئے واضح کیاکہ ای سی پی ایک آئینی ادارہ ہے اور کسی کے دباؤ میں آئے بغیراپنے فرائض انجام دیتارہے گا،تحریک انصاف الیکشن کمیشن سے الیکشن سے پہلے سے ناراض ہے کیونکہ انٹراپارٹی الیکشن کوقانون سے منافی قراردے کرپی ٹی آئی کو بلے کا نشان بھی نہیں دیاگیاتھا ،سلطان سکندر راجہ کی تعیناتی عمران خان کی سفارش پر ہوئی تھی بعدازاں جب چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف کی سیاست اور ان کی سوچ کے منافی اقدامات کئے تو ناراضگی بہت بڑھ گئی اب تحریک انصاف کو اس با ت پر اطمینان ہوناچاہئے کہ الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمدکااعلان کردیاہے اب حکومت کے پاس قانونی طور صرف یہ آپشن تھا کہ نظرثانی کی اپیل دائر کرے جس پر عملدرآمدکردیاگیااور سپریم کورٹ میں دوماہ کے بعد نظرثانی کی اپیل سننے کا فیصلہ کیاگیاکیونکہ ججز رخصت پر ہیں۔دوسری جانب مریم نوازنے لاہور میں اپنے خطاب میں سخت لب ولہجہ اپنایااور یہاں تک کہہ دیاکہ ایک مجرم کو اقتدارمیں واپس لانے کی کوشش ہورہی ہے انہوں نے کسی جج کا نام لئے بغیریہ بھی کہہ دیاکہ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو بعض ایسے فیصلے کئے جاتیہیں جن سے ترقی کاعمل رک جاتا ہے مریم نوازکے اس بیان سے واضح ہوگیاہے کہ ن لیگ عدلیہ کے ساتھ ایک بارپھر ٹکراؤکے راستے پر چلناچاہتی ہے،ایک طرف موڈیزموجودہ حکومت کو کمزورمینڈیٹ کی حامل حکومت قراردیتی ہے اور فچ جیساادارہ کہتاہے کہ اٹھارہ ماہ بعد ٹیکنوکریٹ حکومت آجائے گی ن لیگ کی تاریخ تو دیکھاجائے توماضی میں عدلیہ کے ساتھ ان کا ٹکراؤ رہاہے1997 کی حکومت میں نوازشریف کا جسٹس سجاد علی شاہ سے تنازع کھڑا ہوا وہ نوازشریف کو توہین عدالت میں اقتدار سے نکالنے کی منصوبہ بندی کرچکے تھے لیکن ججز نے انہیں عہدے سے ہٹادیااور نوازشریف سرخرو ہوئے دوسری بار جب سابق فوجی اسٹیبلشمنٹ جنرل باجوہ فیض حمیداور جسٹس ثاقب نثارکے گٹھ جوڑسے پانامہ کی آڑمیں اقامے پر نوازشریف کو اقتدارسے نکالاگیاتو اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ ایک طرف اور نوازشریف دوسری طرف تھے اب فرق یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ،ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک ساتھ ہیں جب کہ عدلیہ دوسری طرف ہے اور وہ مسلسل عمران خان اور تحریک انصاف کو ریلیف دے رہی ہے اور اسی وجہ سے عدلیہ کے بعض ججز اور اسٹیبلشمنٹ کید رمیان ٹکراوکی کیفیت پائی جاتی ہے،اداروں کی لڑائی نہ تو ملک اور نہ ہی جمہوری نظام کے مفاد میں ہے لہذا حکمران اتحاد ہویااپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف دونوں کو دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورت حال کو اس نہج پر نہیں لے جاناچاہئے جس سے آئینی بریک ڈاون ہواور کوئی طویل مدتی نگران سیٹ اپ مسلط کردیاجائے اور پھر یہ ساری سیاسی جماعتیں پچھتاتی رہیں۔