بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جرمنی میں قونصل خانے پر حملہ ، عملے کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا، جرمن حکومت ویاناکنونشن کے تحت ذمہ داریاں پوری کرے، اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا جرمنی میں قونصل خانے پر حملے سے متعلق کہنا ہے کہ قونصل خانے کے عملے کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا، جرمن حکومت ویاناکنونشن کے تحت ذمہ داریاں پوری کرے۔ جب کہ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں انتہاپسند گروہ کی جانب سے قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق  اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ فرینکفرٹ قونصل خانے کے احاطے میں توڑ پھوڑ کی گئی، معاملے پر پاکستان نے جرمن حکومت سے شدید احتجاج کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ انتہاپسندوں نے فرینکفرٹ قونصل خانےمیں توڑ پھوڑ کی، قونصلرکےعملے کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا، جرمن حکومت ذمہ داروں کا محاسبہ کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جرمنی میں پاکستانی عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، ملوث افراد کیخلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
 واضح رہے کہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی سفارتی مشن کے باہر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔ کچھ افغان شہریوں نے پاکستانی سفارتخانے پر دھاوا بولا اور قومی پرچم کی بے حرمتی بھی کی۔
  ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں انتہاپسند گروہ کی جانب سے قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
ایک بیان میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ گزشتہ روز فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانےکی سلامتی کو خطرے میں ڈالا گیا، ویاناکنونشن کےتحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قونصلر احاطے کے تقدس کی حفاظت کرے اور ان کی سلامتی یقینی بنائے۔
 دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ جرمن حکومت پر زور دیتے ہیں کہ ویاناکنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے اقدامات کرے، جرمن حکومت جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز، عملے کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔
 ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ حملے سے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا ہے، ہم جرمن حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں۔