بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عرفان صدیقی نے اپنے اوپرہونیوالے مظالم کی داستان سنادی

اسلام آباد(ممتازنیوز)سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ “‏میری دونوں بیٹیاں آج اچانک ملنے آ گئیں۔یاددلایاکہ 26 جولائی 2019 کو بھی جمعہ کا ہی دن تھا جب مجھے خوفناک دہشت گرد کی طرح آدھی رات کو گھر سے اُٹھایا گیا۔جمعہ کو سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پرجاری پیغام میں عرفان صدیقی نے کہاکہ رات تھانے میں رکھ کر اگلے دن ہتھکڑی لگا کرایک اے سی کی “عدالت”سے چودہ روزہ ریمانڈ لیا گیا اور اڈیالہ جیل میں دہشت گردوں،قاتلوں ، منشیات فروشوں اور سنگین جرائم میں ملوث ملزموں کے لئے مخصوص “ہائی سیکورٹی بلاک” کی ایک کھولی (قصوری چکی) میں ڈال دیا گیا جہاں پہلے ہی چھ قیدی ٹھنسے پڑے تھے۰میری چھوٹی بیٹی اور بیگم کے بازؤں پر چوٹوں کے نشان آج بھی موجود ہیں جنہیں پولیس نے دھکے دے کر سڑک پر گرا دیا تھا۰تب عمران خان کی حکمرانی تھی جنہیں شاید میری کسی تحریر پر غصہ آُگیا تھا اور جو عقوبت خانہ بنا دئیے جانے والے ملک کو “ریاست مدینہ” کہا کرتے تھے۔اللہ کرے عمران خان چھے دوسرے سکہ بند ملزموں کے ساتھ اسی قصوری چکی کے کھردرے ننگے فرش پر نہ پڑے ہوں جس کی سیلن زدہ چھت سے جھولتا پنکھا ہوا کے بجائے طرح طرح کی آوازیں دیتا اورجس کے اندر ہی رفع حاجت کے لیے کموڈ نصب ہو۔”