اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ گالم گلوچ کرنے والوں کی اسمبلی رکنیت معطل کرسکتاہوں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتشار اور نفرت کی سیاست کو دفن کرنا ہوگا، ملک کی سلامتی اور خوشحالی کی خاطر سب کو ملکرکام کرنا ہوگا۔
ملک احمد نے کہا کہ اسمبلی کی کارروائی کا70فیصد وقت اپوزیشن کو دیا، گالم گلوچ اور نفرت کی سیاست کسی کے حق میں نہیں، گالم گلوچ کرنے والوں کی اسمبلی رکنیت معطل کرسکتاہوں۔
انہوں نے کہا کہ 2014 سے ملک میں عدم استحکام کی میخیں گڑی، آج تک ملک میں استحکام نہیں آسکا، میں کسی جماعت کی نمائندگی نہیں کر رہا، صرف اس ایوان کی بگڑتی صورتحال کے ذمے داران کا تعین کرکے بتا رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی سے متعلق صرف 26 مقدمات ہیں، اگر وہ تمام بھی اپوزیشن جیت جائے تو بھی صوبائی حکومت اور اپوزیشن میں کوئی فرق نہیں ہوگا، احتجاج آپ کا حق ہے، اس وقت تک جب کہ وہ لوگوں کی زندگی کو متاثر نہ کرے، روز احتجاج کریں، لیکن روز سڑیں بلاک کرنا، مجھے اس پر بھی کوئی اعتراض نہیں لیکن عوام کو درپیش مشکلات کا کون ذمے دار ہے۔









