اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے چند ہی گھنٹوں میں پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت کا بیان تبدیل کرلیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے مصدق ملک نے اپنا بیان تبدیل کردیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی کوئی پیشکش نہیں کی اور نہ ہی پریس کانفرنس میں کسی جماعت کا نام لیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی پیش کش نہیں کی، آپ کے ذہن میں جماعت اسلامی کی بات کیوں نہ آئی۔باقی اپوزیشن جماعتیں کیوں نہیں آئیں؟۔
اس سے قبل وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ ملک کی ترقی اور مسائل کے حل کےلئے تحریک انصاف آئے اور ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کرے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پی ٹی آئی والے بہروپیےہیں یاپاگل ہیں؟ بانی پی ٹی آئی اب کہتے ہیں کہ ن لیگ اسٹیبلشمنٹ سے ہماری لڑائی کرارہی ہے اور وہ کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرینگے۔
وفاقی وزیر نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ آپ نے پیپلزپارٹی کی سپورٹ لے کر حکومت کیوں نہیں بنائی؟۔
وزیرپٹرولیم مصدق ملک کا مزید کہنا تھا وزیراعظم شہبازشریف کے ذہن میں صرف 3چیزیں ہیں، اولین ترجیح غریب کےبچے کو روزگار دینا، دوسرامہنگائی اور تیسرا غربت کوختم کرنا ہے۔
تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی پیش کش نہیں کی، وفاقی وزیر نے بیان بدل لیا








