نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان رکن کی حیثیت سےدولت مشترکہ اور اس کے اداروں کو بہت اہمیت دیتا ہے، 2022 کے سیلاب میں سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ کا تعاون اہمیت کا حامل تھا۔
وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اسلام آباد میں سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ پٹریشیا اسکاٹ لینڈ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دولت مشترکہ عالمی چیلنجز کے پیش نظر شراکت داری کو فروغ دینےکا اہم پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان رکن کی حیثیت سے دولت مشترکہ اور اس کے اداروں کو بہت اہمیت دیتا ہے، ریاستی تعلقات کے اصولوں کو برقرار رکھنے میں دولت مشترکہ کا کردار اہم ہے، رکن ممالک کے درمیان تنازعات کےحل کے لیے دولت مشترکہ کو کردار ادا کرنا چاہیے۔
اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب میں سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ کا تعاون اہمیت کا حامل تھا۔









