اسلام آباد(ممتازنیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے ملاقات کی،ملاقات میں دولت مشترکہ کے ممبر ممالک میں تعاون کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا
اسپیکر نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ آمد پر دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل کو خوش آمدید کہتا ہوں دولت مشترکہ عالمی شراکت داری کے فروغ کا اہم فورم ہےدولت مشترکہ کے رکن ممالک میں پارلیمانی، اقتصادی و سماجی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،پارلیمنٹ کو مزید فعال بنانے کے لیے بطور اسپیکر بہت سے اقدام کیے قانون سازی میں سپورٹ کے لئے لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کونسل کا قیام عمل میں لائے۔پارلیمانی فرینڈشپ گروپس ، ایس ڈی جیز ٹاسک فورس ، بچوں کے لیے انٹرنشپ پروگرام ان اقدامات کا حصہ ہیں
ملاقات میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس بالخصوص قانون سازی کے شعبے میں اس کے استعمال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا،اسپیکر نےدولت مشترکہ کے قانون سازی کے شعبے میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال کے حوالے سے اقدامات بالخصوص دولت مشترکہ کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس اکیڈمی میں دلچسپی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی دولت مشترکہ میں شامل ممالک میں تعاون کے فروغ کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے دولت مشترکہ کو ہمیشہ اہمیت دی، عالمی مسائل کے حل کیلئے دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے مابین قریبی تعاون وقت کی ضرورت ہے،
ملاقات میں قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی فورمز کے سربراہان ، ممبران اسمبلی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے سربراہ نے بھی شرکت کی۔









