بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کوقابوکرنےکےلیے فیض حمید نے کس کوجعلی پیر بنایا

اسلام آباد(ممتازنیوز )سینئرصحافی اوراینکرپرسن حامد میر نے انکشاف کیاہے کہ سابق وزیراعظم اوربانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے پاس بلوچستان کے ایک سینیٹر کوبھیجاگیااوراس کے کپڑوں میں خفیہ کیمرا چھپایاگیااورساتھ ہی بھاری رقم بھی دی گئی تاکہ بشریٰ بی بی کورقم دینے کی ویڈیو بھی بن جائے جب اس میں ناکامی ہوئی تو جنرل (ر) فیض حمید نے اپنے ایک ماتحت رحمت کوجعلی پیر بناکر بھیجا اور وہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرنے میں کامیاب ہواجب فیض حمیدکے پاس طاقت اوراختیارات تھے تو محبان فیض تھا اورانجمن متاثرین فیض بن چکے ہیں جس کے متاثرین میں صدر ،وزیراعظم چیف جسٹس اورآرمی چیف شامل ہیں انہوں نے مزید انکشاف کیاکہ سینئروکیل اکرم شیخ کے گھر ڈکیتی بھی کرائی گئی اپنے کالم میں حامد میر کاکہناہے ڈی جی آئی ایس آئی بننے کےبعد فیض حمید نے پاکستانی میڈیا کو مارشل لا ادوار کی یاد دلا دی۔ بظاہر وہ سب کچھ عمران خان کیلئے کر رہے ہوتے تھے لیکن حقیقت میں باجوہ اور فیض اپنے ایجنڈے کے تحت میڈیا کے ذریعے عمران خان سے اپنی مرضی کےفیصلے کرانے کی کوشش کرتے۔ جنرل فیض کے ڈی جی آئی ایس آئی بننے کے فوراً بعد 5 اگست 2019ء کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی۔ اس واقعے کے بعد عمران خان نے بھارت کی شدید مذمت شروع کردی اور باجوہ نے فیض کے ذریعے اجیت ڈوول کے ساتھ میل ملاقاتیں شروع کر دیں۔ پاکستان میں موجود سید علی گیلانی کے ایک نمائندے کو ان میل ملاقاتوں کی خبر ہوگئی۔ اس نے سوالات اٹھانے شروع کئے تو اس کے ساتھ غنڈہ گردی کی گئی۔ سینئر قانون دان اکرم شیخ ایک کتاب لکھ رہے تھے جس میں جنرل ظہیر اور جنرل فیض کا بھی ذکر تھا۔ ان کے گھر ڈکیتی کرائی گئی اور ڈاکو ان کی کتاب کا مسودہ لے گئے۔ بعد میں جنرل باجوہ نے شیخ صاحب سے معذرت کی۔ جولائی 2020ء میں صحافی مطیع اللہ جان کو اغوا کیا گیا۔ اپریل 2021ء میں ابصار عالم پر گولی چلائی گئی۔ مئی 2021ء میں صحافی اسد طور کے گھر میں گھس کر ان پر تشدد کیا گیا۔ ان سب نے آئی ایس آئی کو مورد الزام ٹھہرایا۔ اسد طور پر حملے کے بعد میں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر ایک سخت تقریر کردی تو مجھ پر پابندی لگوا دی گئی۔
پابندی کے بعد میں نے واشنگٹن پوسٹ اور ڈی ڈبلیو اردو میں کالم لکھنا شروع کیا تو فیض حمید نے تین مختلف ذرائع سے پیغامات بھیجے کہ اسد طور پر حملے میں ان کا کوئی ہاتھ نہیں۔ میں نے جواب بھیجا کہ آپ ملزمان کو پکڑ لیں کیونکہ وہ سی سی ٹی وی کیمروں میں نظر آ رہے ہیں معاملہ ختم ہو جائے گا۔ ایک دن کچھ صحافی دوست میرے پاس آئے اور کہا کہ اسد طور پر حملہ کرنے والے ملزمان پکڑے گئے ہیں۔ اب آپ فیض صاحب کے ساتھ معاملہ طے کریں تاکہ آپ پر پابندی ختم ہو جائے۔ صحافی دوستوں نے جنرل فیض سے ملاقات پر اصرار کیا۔ میں نے کہا کہ میری تو کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔ اگر اسد طور پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کا اعلان کردیا جائے تو میں فیض سے معذرت کرلوں گا۔ مجھے کہا گیا کہ ملزمان کی گرفتاری کا کل اعلان ہوجائے گا۔ یہ دوست مجھے فیض صاحب کے پاس لے گئے۔ جب میں نے پوچھا کہ اسد طور پر حملہ کرنے والے ملزمان کہاں ہیں تو آئی ایس آئی کے سربراہ آئیں، بائیں، شائیں کرنے لگے۔ان کا خیال تھا کہ ہم معافی تلافی کے لئے آئے ہیں جب ہم نے ملزمان مانگنے شروع کئے تو کہا گیا شام تک پریس کانفرنس ہوجائے گی۔ وہ پریس کانفرنس کبھی نہ ہوئی۔ میں اپنے ذاتی تجربے کی روشنی میں سمجھتا ہوں کہ فیض صاحب کی سب سے بڑی خوبی بھی جھوٹ بولنا تھی اور سب سے بڑی خامی بھی جھوٹ بولنا تھی۔ انہوں نے بلوچستان کے ایک سینیٹر کے کپڑوں میں خفیہ کیمرہ چھپا کر اسے بشریٰ بی بی کے ساتھ ملاقات کیلئے بنی گالہ بھیجا اور ساتھ میں بھاری رقم دی تاکہ بشریٰ بی بی کو رقم دینے کی ویڈیو بن جائے۔ سینیٹر صاحب بشریٰ بی بی کے پاس نہ پہنچ سکے۔ لہٰذا خاتون اول کو قابو کرنے کیلئے فیض نے اپنے ایک ماتحت رحمت کو جعلی پیر بنایا۔ پھر پیر صاحب بشریٰ بی بی تک پہنچ گئے۔ آج کل خبریں گرم ہیں کہ فیض کا بشریٰ بی بی پر بہت اثر تھا۔ عمران خان کہتے ہیں کہ فیض کے خلاف کارروائی فوج کا اندرونی معاملہ ہے۔ معاملہ اندرونی ضرور ہے لیکن بڑا گھمبیر ہے۔ خان صاحب فیض کا دفاع نہ ہی کریں تو بہتر ہے کیونکہ فیض کے متاثرین کی ایک بڑی تعداد ان کے اردگرد موجود ہے۔ جب فیض کے پاس طاقت و اختیار تھا تو ’’انجمن محبانِ فیض‘‘ میں چاروں صوبوں کے سیاستدان شامل تھے۔ ایک بلوچ سیاستدان کو اسلام آباد میں عالیشان گھر کا فیض بھی ملا۔ اب محبان ِفیض کی جگہ ’’انجمن متاثرین فیض‘‘ نے لے لی ہے جس میں ملک کے صدر اور وزیر اعظم سے لے کر چیف جسٹس اور آرمی چیف بھی شامل ہیں۔ فیض نے ان سب کے خلاف جھوٹ بولا۔ فیض کے احتساب کا مقصد صرف انہیں سزا دلوانا نہیں بلکہ پاکستان میں جھوٹ کے راج کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ جو کچھ فیض کرتے رہے کیا ان کی گرفتاری کے بعد وہ سب بند ہوگیا ہے؟’’انجمن متاثرین فیض‘‘کو چاہیے کہ وہ سب کچھ بند کردیں جس کے ذریعے فیض نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔