بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم شکست کے دہانے پر، بنگلہ دیش کو تاریخی جیت کیلئے صرف 30 کا ہدف دے دیا

بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم شکست کے دہانے پر پہنچ گئی اور اس نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 30 رنز کا ہدف دیا ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے پانچویں روز بنگلہ دیش کے پہلی اننگز کے 565 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے کر بنگلہ دیش کی ٹیم تاریخ رقم کردے گی جب کہ قومی ٹیم کی بنگال ٹائیگرز کے خلاف طویل دورانیے کی کرکٹ میں یہ یہ پہلی شکست ہوگی۔

راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 23 رنز سے اننگز شروع کی تو کپتان شان مسعود جلد آوٹ ہوگئے، بابر اعظم 22 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ سعود شکیل ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی مرتبہ صفر پر آوٹ ہوئے۔

ان کے بعد عبداللہ شفیق بھی 37 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، سلمان آغا بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔

کھانے کے وقفے تک پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 22 اور شاہین آفریدی ایک رن بناکر کریز پر موجود ہیں، قومی ٹیم کو پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 9 رنز کی ضرورت تھی جبکہ اس کے 6 کھلاڑی ہوچکے تھے۔

وقفے کے بعد جیسے ہی کھیل شروع ہوا تو شاہین شاہ آفریدی اپنے انفرادی اسکور میں ایک رن کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئے، انہیں 2 رنز پر مہدی حسن نے نشانہ بنایا، ان کے بعد نسیم شاہ 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے جو سب سے زیادہ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مہدی حسن نے انہیں آؤٹ کیا، ان کے بعد آنے والے محمد علی بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 2، شرف الاسلام، حسن محمود، ناہد رانا اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 448 کے جواب میں 565 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اور اسے میزبان ٹیم پر 117رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

گزشتہ روز پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 565 رنز پر آؤٹ ہوگئی، پاکستان نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 23 رنز بنائے تھے۔

پاکستان پلیئنگ الیون:
عبداللہ شفیق۔ صائم ایوب ۔ شان مسعود (کپتان) بابر اعظم ۔ سعود شکیل ( نائب کپتان) محمد رضوان ( وکٹ کیپر) سلمان علی آغا ۔ شاہین شاہ آفریدی ۔ نسیم شاہ ۔ خرم شہزاد اور محمد علی۔

بنگلہ دیش اسکواڈ:
نجم الحسن شانتو (کپتان)، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن میراز ، مومن الحق، مشفق الرحیم، ناہید رانا، نعیم حسن، شادمان اسلام، شکیب الحسن، شریف الاسلام، سید خالد احمد، تائجو الاسلام اور ذاکر حسن۔

میچ آفیشلز
ایڈرین ہولڈ سٹوک اور رچرڈ کیٹل برو ( آن فیلڈ امپائرز) مائیکل گف (تھرڈ امپائر) راشد ریاض ( فورتھ امپائر) اور رنجن مدوگالے (میچ ریفری)