کوئٹہ: ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ اور جمعیت علمائے اسلام (نظریاتی) کے رہنما قاری مہر اللہ نے کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے اپیل کی ہے کہ دینی مدارس کے طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے دیا جائے اور انہیں سیاست کا ایندھن نہ بنایا جائے، جبکہ مدارس کو کسی بھی سیاسی جماعت کی جاگیر اور ذاتی ایجنڈوں کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔
مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے کہا کہ دینی مدارس کی خودمختاری، غیر سیاسی حیثیت اور اجتماعی تشخص کے حوالے سے ان کا مؤقف واضح اور دوٹوک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کسی ایک فرد، خاندان، تنظیم یا سیاسی جماعت کی ملکیت نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ علمی، دینی اور روحانی اثاثہ اور امانت ہیں، اور ان کے قیام کا بنیادی مقصد قرآن و سنت کی تعلیم، دینِ اسلام کی ترویج، نئی نسل کی اخلاقی و روحانی تربیت، معاشرے کی اصلاح اور اتحادِ امت کا فروغ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) ہو یا کوئی دوسری سیاسی جماعت، کسی کو دینی مدارس کو اپنے سیاسی، انتخابی یا تنظیمی مفادات اور طاقت کے اظہار کا مرکز بنانے کا حق حاصل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مدارس کے پلیٹ فارم کو حکومت یا ریاستی اداروں کے خلاف سیاسی احتجاج، اشتعال انگیزی اور محاذ آرائی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا اور نہ ہی طلبہ کو سیاسی کشمکش میں دھکیلنے اور ذاتی ایجنڈوں کے لیے استعمال کرنے کا عمل قابلِ قبول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے اکثریتی علمائے کرام اور مدارس کے مہتمم حضرات سیاسی اجارہ داری کے خلاف ان کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سیاسی نمائندگی پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) سینیٹ اور دیگر انتخابی ٹکٹ ارب پتی افراد کو دیتی ہے جبکہ مدارس کے غریب طلبہ کے نام پر سیاست کی جاتی ہے، اور اس وقت بلوچستان اسمبلی میں جے یو آئی (ف) سے وابستہ کوئی عالمِ دین موجود نہیں ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ مدارس کے نام پر سیاسی دعووں کے بجائے غریب طلبہ کی تعلیمی ضروریات اور حقیقی مسائل حل کیے جائیں۔
حکومت سے مطالبات پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ پاکستان سے ہے، اس لیے حکومت مدارس کے معاملات میں سیاسی مداخلت کے بجائے انہیں قومی تعلیمی نظام کا اہم حصہ تسلیم کرتے ہوئے سرپرستی اور تعلیمی معاونت فراہم کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مدارس کے مالی مسائل حل کرنے کے لیے اساتذہ کی تنخواہوں کا بوجھ برداشت کرے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بہتر انداز میں جاری رہ سکیں، جبکہ طلبہ کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور جدید عصری علوم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ آخر میں انہوں نے زور دیا کہ مدارس کی آزادی، وقار اور علمی تشخص کے تحفظ کے لیے تمام علمائے کرام کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا اور تمام دینی وفاقوں و متعلقہ حلقوں کو اعتماد میں لے کر اجتماعی مشاورت سے پالیسیاں مرتب کی جائیں۔








