اسلام آباد: یورپی یونین کے شینجن ویزا اعداد و شمار پر مبنی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران پاکستان میں قائم یورپی قونصل خانوں میں موصول ہونے والی ویزا درخواستوں میں سے مجموعی طور پر 46 اعشاریہ 5 فیصد درخواستیں مسترد کر دی گئیں، جبکہ 2019 کے مقابلے میں جاری ہونے والے ویزوں کی مجموعی تعداد میں 16 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2019 میں پاکستان میں شینجن ویزا مسترد ہونے کی شرح 36 فیصد تھی، جبکہ عالمی سطح پر ویزا مسترد ہونے کی اوسط شرح صرف 14 اعشاریہ 7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق 2019 کے مقابلے میں پاکستان سے جاری ہونے والے شینجن ویزوں کی تعداد میں 16 فیصد کمی آئی حالانکہ درخواستوں کی تعداد تقریباً برقرار رہی، اور ایک ہی ملک اور ایک ہی سال کے دوران مختلف یورپی ممالک کی جانب سے ویزا مسترد کرنے کی شرح میں غیر معمولی فرق دیکھا گیا۔
ملکی سطح پر تفصیلات کے مطابق ڈنمارک 79 فیصد شرح کے ساتھ سرفہرست رہا جس نے 5 ہزار 539 درخواستوں میں سے 79 فیصد کو مسترد کیا، جبکہ آسٹریا نے 2 ہزار 543 درخواستوں میں سے 73 فیصد اور بیلجیم نے 4 ہزار 987 درخواستوں میں سے 58 فیصد درخواستیں مسترد کیں۔ اسی طرح اسپین میں 12 ہزار 296 درخواستوں میں سے 57 فیصد، نیدرلینڈز میں 13 ہزار 108 درخواستوں میں سے 54 فیصد، سوئٹزرلینڈ میں 4 ہزار 682 درخواستوں میں سے 51 فیصد، پرتگال میں 2 ہزار 300 درخواستوں میں سے 49 فیصد، اٹلی میں 10 ہزار 809 درخواستوں میں سے 40 فیصد اور فرانس میں 9 ہزار 503 درخواستوں میں سے 37 فیصد درخواستیں مسترد ہوئیں، جبکہ جرمنی نے سب سے کم یعنی 18 ہزار 792 درخواستوں میں سے صرف 25 فیصد درخواستیں مسترد کیں۔
رپورٹ کے مطابق ان اعداد و شمار میں مختصر مدت کے ویزوں کے فیصلے شامل ہیں، تاہم ڈیٹا میں ویزا مسترد ہونے کی وجوہات بیان نہیں کی گئیں کیونکہ مختلف ممالک کے لیے درخواست دہندگان کی نوعیت اور سفر کے مقاصد مختلف ہوتے ہیں۔








