لاہور: تبلیغی جماعت پاکستان کے سابق امیر مولانا نذرالرحمٰن کے انتقال کے بعد رائیونڈ مرکز کے اکابرین نے مشاورت سے مولانا احمد بٹلہ کو تبلیغی جماعت پاکستان کا نیا امیر مقرر کر دیا ہے، جو اس سے قبل طویل عرصے تک نائب امیر کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت پاکستان کے سابق امیر مولانا نذرالرحمٰن 16 نومبر 2026 کو 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ نومبر 2018 میں حاجی محمد عبدالوہاب کے بعد جماعت کے چوتھے امیر مقرر ہوئے تھے اور تقریباً آٹھ برس تک اس منصب پر فائز رہے۔ ان کے انتقال کے بعد رائیونڈ مرکز کے بزرگوں اور اکابرین نے متفقہ طور پر مولانا احمد بٹلہ کو نیا امیر منتخب کیا ہے۔
مولانا احمد بٹلہ کا تعلق رائیونڈ مرکز سے ہے اور وہ تبلیغی جماعت کی عالمی شوریٰ کے رکن سمیت مرکز کے سینئر بزرگوں میں شمار ہوتے ہیں۔ دینی و علمی حلقوں میں انہیں شیخ الحدیث کے طور پر بھی جانا جاتا ہے اور ان کے بیانات میں سادگی، اصلاح اور دین کی دعوت پر خصوصی زور نمایاں رہتا ہے۔
واضح رہے کہ مولانا احمد بٹلہ کا نام اس سے قبل بھی تبلیغی جماعت کی قیادت کے لیے سامنے آ چکا تھا۔ نومبر 2018 میں تیسرے امیر حاجی محمد عبدالوہاب کے انتقال کے بعد ان کی 17 ستمبر 2015 کی وصیت سامنے آئی تھی، جس میں جانشینی کے لیے مولانا نذرالرحمٰن، مولانا احمد بٹلہ اور مولانا عبیداللہ خورشید کے نام تجویز کیے گئے تھے۔ اس وقت مشاورت کے نتیجے میں مولانا نذرالرحمٰن کو امیر مقرر کیا گیا تھا جبکہ مولانا احمد بٹلہ نے نائب امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ حال ہی میں منعقد ہونے والے رائیونڈ کے عالمی تبلیغی اجتماع 2026 میں بھی انہوں نے پہلا افتتاحی بیانِ عصر کیا تھا، جس کا مرکزی موضوع توبہ تھا اور انہوں نے لوگوں کو توبہ کی طرف بلاتے ہوئے کہا تھا کہ توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔








