بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دہشتگردی،سکیورٹی پلان کے از سرنو جائزہ کی ضرورت

اسلام آباد(طارق محمودسمیر) بلوچستان میں عسکریت پسند گروپ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)نے ایک ہی دن میں موسیٰ خیل، مستونگ، بولان اور قلات میں مختلف واقعات میں 40 افراد کو قتل کردیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ، قلات، پسنی اور سنتسر میں لیویز اور
پولیس تھانوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد اموات ہوئیں، ضلع بولان سے 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں گولیاں مارکر قتل کیا گیا، ضلع موسٰی خیل کے علاقے راڑہ شم کے مقام پر ٹرکوں اور مسافر بسوں سے اتارکر شناخت کے بعد 23 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا،صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے بدترین واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،بلوچستان میں بی ایل اے کی طرف سے دہشت گردی کی حالیہ کارروائیاں ایک ایسے موقع پر کی گئی ہیں جب سابق گورنربلوچستان نواب اکبربگٹی کی فوجی آپریشن میں ہلاکت کو 18سال مکمل ہوگئے ،اکبربگٹی کی ہلاکت کا ایک الگ پس منظر ہے،دہشت گردی اوربدامنی کی حالیہ لہر میں ایک ایسے موقع پر اضافہ دیکھا گیا ہے جب سی پیک کادوسرا مرحلہ شروع ہورہاہے اور وفاقی حکومت کے زعماء بارہاکہہ چکے ہیں کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کو سبوتاعکرنے کی سازش ہورہی ہے،  یقیناًامن وامان چونکہ صوبائی معاملہ ہے اس لیے بلوچستان حکومت کااس ضمن میں تعاون ناگزیر ہے ضرورت اس امرکی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اورمؤثر اقدامات کئے جانے چاہئیں، بلوچستان ،جو قدرتی ومعدنی وسائل سے مالامال اور اسٹرٹیجک طور پر نہایت اہمیت کا حامل صوبہ ہے اور خاص طورپرسی پیک کے آغاز سے اس کی صوبے میں اہمیت بہت زیادہ بڑھ چکی ہیوہاں  امن وامان یقینی بنانے کے لئے وفاق کابھرپور تعاون ناگزیر ہے کیونکہ پاکستان کی بالعموم اور سی پیک کی بالخصوص دشمن قوتوں اس صوبے میں اپنی سازشوں کا جال بچھایا ہوا ہے،  دہشت گردی کے واقعات اس امرکی نشاندہی کرتے ہیں کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سکیورٹی پلان کا از سرنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے ،یہ تسلسل اگر برقرار رہا تو سکیورٹی خدشات مزید بڑھ جائیں گے اور سی پیک کے مرکز گوادر اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر  انتہائی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، ا دھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت ججوں کی مدت ملازمت میں توسیع کے کسی آپشن پر غور نہیں کر رہی، ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہ وفاقی حکومت عدلیہ پر مبنی قانون سازی پارلیمنٹ میں لانے کا سوچ رہی ہے جب کہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی کہاہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی مدت ملازمت میں توسیع کی خبریں درست نہیں، پنشن بل زیادہ ہونے کی وجہ سرکاری ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی بحث نے جنم لیا،وفاقی وزراء کی وضاحت کے بعد ججز کی مدت میں ملازمت میں توسیع کے حوالے سے قیاس آرائیاں دم توڑگئی ہے،جہاں تک لاہورہائی کورٹ میں جونیئرجج کی تعیناتی کامعاملہ ے تو یہ فیصلہ حکومت کا نہیں بلکہ جوڈیشل کمیشن کا ہے، قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے حکومت سے فوری طور پر نئے چیف جسٹس کے نام کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے ان کایہ مطالبہ غیرمنطقی ہے کیونکہ یہ اصول پہلے ہی طے ہے کہ سینئرموسٹ جج ہی چیف جسٹس کاعہدہ سنھبالتا ہے،علاوہ ازیں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل بدھ کورہاہے،ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق صدرعارف علوی کی طرف سے میڈیکل کالجز سے متعلق جو بلزمسترد کئے گئے تھے انہیں منظورکرایاجائے گا۔
تجزیہ