صدر آصف علی زرداری سے پیپلز لبریشن آرمی کی زمینی افواج کے کمانڈر جنرل لی چیاو منگ نے ملاقات کی،اس موقع پر صدرمملکت نے کہاکہ چین پاکستان کا قابل اعتماد اور عظیم دوست ہے ، دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان سات دہائیوں پر محیط تاریخی تعلقات ہیں ، انہو ںنے چین کے ساتھ کھڑے ہونے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے فوجی اور دفاعی تعاون، عوامی اور ثقافتی روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان چینی زبان سیکھنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے ، چینی زبان سیکھنے سے عوامی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، صدر مملکت نے کہاکہ اپنے گزشتہ دورِ صدارت میں پاک چین اقتصادی راہداری کا وژن پیش کیا، انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے دشمن نہیں چاہتے کہ دوطرفہ تعلقات پروان چڑھیں، صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور چین کو مشترکہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے،دونوں ممالک کو دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، کمانڈر لی چیاو منگ نے پاکستان میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی بھی مذمت کی اور جانی نقصان پر پاکستان کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہارکیا۔ قبل ازیں ، صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے خدمات کے اعتراف میں جنرل لی چیاومنگ کو نشان امتیاز (ملٹری) کا اعزاز دیا چینی کمانڈر نے نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
پاک چین فوجی اور دفاعی تعاون، عوامی اور ثقافتی روابط مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ،صدرزرداری








