بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سینیٹ اجلاس: یہ حکومت دو، تین ہفتے کی مہمان ہے، شبلی فراز کا اظہار خیال

قائد حزب اختلاف و رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شبلی فراز نے کہا ہے کہ یہ حکومت دو، تین ہفتے کی مہمان ہے۔

پینل آف چیئر عرفان صدیقی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا جس دوران شبلی فراز نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ایوان میں ایک وزیر موجود نہیں ہے، یہ حکومت دو تین ہفتے کی مہمان ہے لیکن اس کا مطلب نہیں کہ وہ کام کرنا چھوڑ دیں۔

بعد ازاں سینیٹر عرفان صدیقی نے جواب دیا کہ ہمیں اطلاع دی گئی ہے کہ صبح کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے، آدھے گھنٹے تک وزرا آ جائیں گے، کچھ ممبران بلوچستان پر بات کرنا چاہتے ہیں، ابھی اس پر بحث کر لیتے ہیں۔

سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ اس ایوان میں ایک شخص کے معاملہ اٹھانے پر ایوان میں بحث ہوتی رہی کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، بحث اس لیے ہوئی کہ اس رکن کو توہین عدالت کا نوٹس دیا گیا، اس رکن نے تین دن بعد جاکر سپریم کورٹ میں معافی مانگ لی۔

واضح رہے کہ 25 اپریل کو سینیٹیر فیصل واڈا نے سینیٹ اجلاس میں کہا تھا کہ کہ اگر ایک حلف نامہ ہم پر لاگو ہے تو وہ حلف نامہ پاکستان کے تمام ججوں، سارے جرنیلوں پر بھی لاگو ہو گا، یہ نہیں ہو سکتا کہ کوئی اس ایوان کے باہر ہمیں صادق اور امین کے سرٹیفکیٹ دے، اگر ہماری پگڑی اچھلے گی تو ہم پگڑیوں کی فٹبال بنا دیں گے۔

بعد ازاں سینیٹر پلوشہ خان نے ایوان میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ میری والدہ کے گھر میٹر ریڈر میں 900 کو 9 ہزار یونٹ بنایا گیا ، لیسکو کے غلطی کے اعتراف کے باوجود میرے بہنوئی کو 28 چکر لگوائے گئے اور بعد میں ایس ڈی او نے 70 ہزار کا بھتہ مانگا۔

ان کا کہنا تھا کہ لائن لاسز پورے کرنے کے لیے لوگوں سے بھتہ لیا جارہا ہے۔

پینل آف چیئر عرفان صدیقی نے اووربلنگ کا معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

بعد ازاں سینیٹر بلال احمد خان نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں چند لوگوں کی حرکت کی وجہ سے پورے صوبے پر اثرات پڑ رہے ہیں، دہشت گردوں کا آسان ٹارگٹ بلوچستان ہے, پارلیمنٹ نے بلوچستان کے مسئلہ کو سنجیدہ نہیں لیا, بلوچستان کے مسئلہ پر بات کر رہا ہوں تو لگتا ہے دیواروں سے بات کررہا ہوں، کوئی وفاقی وزیر ایوان میں موجود نہیں یہ سنجیدگی کا عالم ہے، ہمارے لوگوں کو ہمارے خلاف استعمال کیا جارہا ہے، ہمارے دشمن ممالک ہمارے لوگوں کو استعمال کررہے ہیں، بلوچستان کے لوگوں کو اپنا سمجھیں۔

اس موقع پر وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، اویس لغاری اور سینیٹر محسن نقوی ایوان میں پہنچ گئے۔

بعد ازاں سینیٹر زرقہ سہردوری کا کہنا تھا کہ پاکستان جس نہج پر کھڑا ہے اس پر دو تین لوگ بیٹھ کر حل تلاش نہیں کر سکتے، شراکت داروں کو جب تک آپ نہیں سنیں گے حل نہیں نکلیں گے، گوادر میں جو نوجوان، بچیاں گھروں سے نکلی ہیں، ان سے بات کون کرے گا؟

اس پر سینیٹر ناصر نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ زرقہ سہروردی پہلے بھی بلوچستان پر بات کر چکی ہیں، سینیٹر زرقہ نے جواب دیا کہ ہم خواتین پچاس فیصد ہیں اور انہیں بات کرنے کا موقع نہیں دیا جارہا۔

اس پر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ آپ بلوچستان پر تقریر کر چکی ہیں، آپ نقطہ اعتراض پر مختصر سی بات کریں۔

بعد ازاں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جو انتخابات کا حال کیا ہے، اس پر مفصل بحث چاہتے ہیں، رپورٹ ایوان میں محض پیش کرنے کے لیے نہیں ہے، اس پر بحث ہوگی، الیکشن کمیشن کے اہلکار عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہیں لیتے ہیں، الیکشن کمیشن رپورٹ پر ایک بحث ہونی چاہیے، یہ سب فارم 47 والے بیٹھے ہیں۔