بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئینی ترامیم کا جو پیکج گردش کر رہا ہے وہ عارضی ہے، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

 

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے آج بھی جو پیکج گردش کر رہا ہے وہ عارضی ہے، ڈرافٹ اس وقت تک فائنل نہیں ہوتا جب تک کابینہ کی منظوری نہ مل جائے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وکلاء کی نمائندہ تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا مشکور ہوں کہ انہوں نے موقع دیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فروری کے آخر میں پیپلز پارٹی سے قانون سازی سے متعلق مذاکرات کیے گئے، میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کا حصہ تھا، پیپلز پارٹی کی جانب سے عدالتی ریفارمز کا مطالبہ سامنے آیا، عدالتی ریفارمز ہمارے منشور کا بھی حصہ تھے، پیپلز پارٹی نے چارٹر آف ڈیموکریسی کے نامکمل ایجنڈے پر کام کرنے کا کہا۔
وزیر قانون نے کہا کہ قانون سازی کے مختلف مرحلے ہوتے ہیں، وکلاء بہتر جانتے ہیں، آج بھی جو پیکج گردش کر رہا ہے وہ عارضی ہے، ڈرافٹ عارضی ہوتا ہے، ڈرافٹ اس وقت تک فائنل نہیں ہوتا جب تک کابینہ کی منظوری نہ مل جائے، پھر بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جاتا ہے، پھر معاملہ کمیٹی میں بھی جا سکتا ہے، یہ معاملہ آئینی ترمیم کا ہے، اس نے دو تہائی سے منظور ہونا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ تگرامیم میں چارٹر آف ڈیموکریسی، بار کونسلز کی تجاویز اور سیاسی جماعتوں کے مطالبات کو سامنے رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی میں عسکری قیادت سے کہا کہ آپ دہشتگردی کے خاتمے میں ناکام ہوچکے ہیں، عسکری قیادت نے کہا کیا ملک کیلئے جانیں دینے والوں کے گھر بار نہیں ہوتے؟ عسکری قیادت نے بینظیر بھٹو قتل کیس کا بھی حوالہ دیا، عسکری قیادت نے کہا راہ حق کے شہیدوں کے ترانے سے ہمارے زخم خشک نہیں ہو سکتے، ایپکس کمیٹی میں عسکری قیادت کی کافی سخت گفتگو تھی۔
وزیر قانون نے کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی 2006 میں آیا جس میں آئینی عدالت کے قیام کا کہا گیا، آئینی عدالت ایک الگ سے عدالت ہے جو آئینی آرٹیکلز کے تحت اختیارات استعمال کرے، ہمارے ذہین میں خاکہ یہ ہے کہ آئینی عدالت کے 7 یا 8 ججز ہوں، آئینی عدالت میں تمام صوبوں اور اسلام آباد سے نمائندگی شامل ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا آئینی عدالت کی گنجائش ہمارے آئینی فریم ورک میں ہے یا نہیں، تمام بار کونسلز اپنے لیگل ایکسپرٹ کی کمیٹی بنا کر ہماری رہنمائی فرمائیں، میں آپ کا ہی حصہ ہوں، ہمیں تجاویز دیں کہ آئینی عدالت کا کس طرح کا ماڈل رکھا جائے۔