اسلام آباد:وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں،آئینی ترمیم کے معاملے پرکوئی نہ کوئی گنجائش نکل آئے گی، میثاق جمہوریت پر بانی پی ٹی آئی کے بھی دستخط ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مولانافضل الرحمان سے میرا بہت قریبی تعلق ہے، مولانااور ہمارے راستے جدانہیں،ہم نے کٹھن وقت ایک ساتھ گزارا،مولانافضل الرحمان چٹان کی طرح کھڑے رہے۔اس سوال پر مولانافضل الرحمان نے ترمیمی بل کی حمایت سے انکارکردیا؟خواجہ آصف نے کہاکہ مولانازیرک سیاستدان ہیں،کوئی نہ کوئی گنجائش نکل آئے گی۔انہوں نے کہاکہ بلاو ل بھٹو سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقات ہورہی ہے،ہم ایک پیج پر ہیں، ہماراٹارگت ہے کہ متفقہ مسودہ لائیں۔انہوں نے کہاکہ آئینی ترمیم میثاق جمہوریت کے تحت لائی جارہی ہیں، میثاق جمہوریت پر بانی پی ٹی آئی کے بھی دستخط ہیں ، آئینی عدالت کامعاملہ بھی میثاق جمہوریت میں موجود ہے،اعلیٰ عدلیہ پر بوجھ بڑھتاجارہاہے،27لاکھ کیسز موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جنرل فیض حمید جب ڈی جی سی تھے تو تب بھی آئی ایس آئی کے معاملات وہی دیکھ رہے تھے، اب اگر وہ یہ کہہ دیتے ہیں کہ انہوں نے جو کچھ کیا وہ عمران خان کے کہنے پر کیا تو پھر بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل ہوسکتا ہے۔








