اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ چار ہفتے جائزہ لیا ،پٹرول کی قیمت بڑھائے بغیر کوئی چارہ نہیں تھا، ہم نے کبھی بھی مقبول فیصلے کرکے وقتی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی،انشااللہ بہت بہترحالات میں الیکشن میں جائیں گے۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویومیں شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آج مقبولیت یا غیرمقبولیت کی بات نہیں،آج ملک کے مفاد کا سوال ہے اور مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک کے مفاد کی بات کی ،ہم اپنی مدت پورری کریں گے اور معیشت کو استحکام دیں گے،ہم نے مشکل فیصلے کئے ہیں تین ہفتے جائزہ لیا اس کے سواکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت فروخت کوقیمت خریدکے مطابق لایا جائے اورکوئی چوائس نہیں تھی ،دیگرمشکل فیصلے بھی کرکے ملکی معیشت کو مستحکم بنانا پڑے گا ۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ عمران خان چار سال کا حساب دیں کہ انہوں نے ملک کے ساتھ کیاکیا؟ ان کی نالائقی، کوتاہیوں اور غلط فیصلوں سے حالات اس نہج تک پہنچے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے سب سے آسان کام یہ تھا کہ عمران خان کا تماشا دیکھتے،لیکن ہماری جماعت نے ہمیشہ ملک کے مفاد کےلئے کام کیا۔ایک سوال پر سابق وزیراعظم نے کہاکہ جو آدمی مداخلت سے آیا ہو وہ مداخلت کی ہی بات کرے گا ، اگر مداخلت ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہے تو بے شک ہو جائے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی حکومتیں سیاسی معاملات سے نہیں گھبراتیں ،اگر عمران خان ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کریں گے تو ریاست کچھ کرنا پڑتا ہے،آج عمران خان کی ہر بات اپنے مفاد اور اپنی سیاست کے لئے ہے، ملکی مسائل ایک دوسرے کو گالی دینے سے حل ہوتے ہیں تو میں بھی تیارہوں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کبھی بھی مقبول فیصلے کرکے وقتی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی،انشااللہ حالات بہتر ہوں گے اور ہمیں یقین ہے جس طرح کے حالات ہمیں ملیں ہیں ان سے بہت بہترحالات میں الیکشن میں جائیں گے۔









