اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے اے پی این ایس کے عہدیداران نے ملاقات کی جس میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔ملاقات میں ملک کی موجودہ مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی ۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئین پر عملدرامد ہر خاص و عام پر لازم ہے،پی ٹی آئی کے ممبران کے استعفوں کی تصدیق کے لیے مرحلہ وار سلسلہ 6 جون سے شروع ہو گا،اسمبلی قواعد و ضوابط کے مطابق استعفوں کی تصدیق ضروری ہے،آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانا میری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل ملکی مفاد میں ہے، جمہوری اداروں کی مضبوطی سے عوام کا اپنے نمائندوں پر اعتماد بحال ہو گا، پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کو درپیش چیلنجز کا حل نکالنا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کا مثبت تشخیص اجاگر کرنے میں صحافت کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، موجودہ پارلیمنٹ میں عوامی مفادات کے موضوعات پر بحث اور قانون سازی کی جا رہی ہے، میڈیا اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے زریعے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے۔
پی ٹی آئی ممبران استفوں کی تصدیق مرحلہ وار 6جون سے شروع ہوگی ، سپیکر








