بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہورجلسہ 9مئی واقعات کے بعدPTI کابڑا پاورشو

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی کامیابی اور ناکامی کے دعوے کئے جا رہے ہیں ،8 فروری کے انتخابات اور 9 مئی کے واقعات کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کا یہ پہلا بڑا سیاسی پاور شو تھا لیکن پارٹی کی تنظیمی صورتحال اور جلسے کوکامیاب بنانے کی حکمت عملی درست نہ ہونے کے باعث جلسے میں اتنی بڑی تعداد میں عوام نے شرکت نہیںکی جس طرح کا جلسہ 2011میں عمران خان نے کیا تھا اور 8 فروری کے انتخابات میں عوام نے سرپرائز دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروںکو ووٹ دیے تھے ،حکومت اور تحریک انصاف اپنے اپنے انداز میں جلسے کے حوالے سے تبصرے اور تجزیے کر رہے ہیں، تحریک انصاف یہ الزام لگا رہی ہے کہ رکاوٹیں ڈالی گئیں اور کاہنہ کے مقام پر آخری رات لاہور انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دی اور یہ علاقہ لاہور شہر سے خاصا دور ہے اور یہ مویشی منڈی کیلئے مختص گرائونڈ ہے اور کنٹینرز لگا کر راستے روکے گئے تاہم غیر جانبدار مبصرین اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس جلسے کیلئے اس طرح کی کوئی رکاوٹیں نہیں ڈالی گئیں جیسے 8ستمبر اسلام آباد میں سنگجانی جلسے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ نے رکاوٹیں کھڑی کی تھیں، پورے راولپنڈی اسلام آبادکو بندکردیا گیا تھا لیکن لاہور انتظامیہ نے اپنی حکمت عملی کے تحت تاخیر سے جلسے کی اجازت دی اور بہت کم رکاوٹیں ڈالی گئیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اسی طرح وقت پر جلسہ گاہ نہیں پہنچ سکے جس طرح 2018میں ن لیگ کے صدر نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی 13جولائی لندن سے واپسی پر شہبازشریف اور حمزہ شہباز لاہور ایئرپورٹ نہیں پہنچ سکے تھے ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اپنے ٹوئٹر اکائونٹ اور میڈیا میں آکر سارا دن یہ بتاتی رہیں کہ یہ جلسہ ناکام ہوا، انہوں نے مختلف تصاویر اور ویڈیوز بھی میڈیا کو جاری کیں اور یہاں تک کہا کہ انقلاب اور مقبولیت کا عبرتناک نظارہ آج کاہنہ میں دیکھنے کو ملاکیونکہ اپنے حامیوں کے ذہنوں پر اثر ڈالنے کیلئے جعلی اور پرانی ویڈیوز چلائی گئیں ،وزیر اطلاعات عطاتارڑ ہوں یا پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری دونوں یہ کہتے رہے کہ جلسہ ناکام ہوا، عظمی بخاری نے تو پریس کانفرنس کر کے پنجاب پولیس کی سپیشل برانچ اور دیگر اداروں کی طرف سے مختلف شہروں سے آنے والے جلوسوں اور شرکاء کی تعداد بھی بتائی اور یہ دعویٰ کیا اس جلسے میں 3ہزار لوگ موجود تھے ، انہوں نے بتایا کہ لاہورسے 1600،سرگودھا سے 263، ڈیرہ غازی خان سے 150، گوجرانوالہ سے 85،ملتان سے 115،فیصل آباد سے 77،ساہیوال سے 32اور راولپنڈی سے 80لوگ جلسے کیلئے آئے جبکہ لطیف کھوسہ صرف 20سے25افرادکا جلوس لیکر جلسہ گاہ پہنچے۔دوسری جانب آرڈیننس کے اجراء کے بعد نئی ججزکمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور یہ کمیٹی آئندہ ہفتے دو اہم بینچزکی تشکیل کرے گی جن میں آرٹیکل 63اے سے متعلق سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے بینچ کے فیصلے کے خلاف 26ماہ سے زیر التواء نظر ثانی کی اپیل سنے گا جبکہ 12جولائی کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے خلاف ن لیگ ، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوںکی طرف سے دائر نظر ثانی کی اپیل سننے کیلئے بینچ تشکیل دیا جائیگا، اس کے علاوہ معروف سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس سننے کیلئے بھی ایک نیا بینچ بنے گا ،8ججزکے وضاحتی بیان پر سپریم کورٹ میں ایک معاملہ چل رہا ہے کہ اس وضاحت کیلئے سماعت کئے بغیر خبر میڈیا کو جاری کردی گئی اور متعلقہ فریقین کو نوٹس نہیں دیا گیا، ڈپٹی رجسٹرار بھی اس حوالے سے ایک بیان دے چکے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کی کوریج کرنے والے سینئر صحافی عمران وسیم کے مطابق مخصوص نشستوںکے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 14ستمبرکو اکثریتی ججزکی وضاحت پر رجسٹرار سپریم کورٹ سے وضاحت طلب کر لی ہے اور اس ضمن میں 9سوالوں کا جواب بھی مانگا گیا ہے کہ فریقین کو نوٹس دیے بغیر ایسا کیوں کیا گیا جس سے یہ واضح ہورہا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز میں واضح تقسیم ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آئینی اور قانونی طور پر 25اکتوبر تک چیف جسٹس ہیں اوربعض ججز انہیں نظراندازکرکے جوکچھ کررہے ہیں وہ کوئی درست عمل نہیں ہے کیونکہ الیکشن کمیشن ایک متعلقہ ادارہ ہے جس نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دے رکھی تھی کہ 12جولائی کے فیصلے میں بعض ابہام ہیں جنہیں دورکرنے کیلئے انہیں سنا جائے مگر انہیں سننے کی بجائے میڈیا کو وضاحت دی گئی جس پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے ۔