نیویارک: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ عالمی امن دنیا کے پانچ با اثر ممالک کے ہاتھوں میں نہیں ہونا چاہیے، غزہ جنگ اقوام متحدہ کے بنیادی مشن کے لیے چیلنج ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری دنیا میں امن قائم کرنا ہے دنیا کے ممالک ریاست فلسطین کو تسلیم کریں۔ دنیا کے ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر کے تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی انتظامیہ بنیادی انسانی حقوق نظرانداز کر رہی ہے، مغرب کی تہذیبی روایات و اقدار کا غزہ میں کھلے عام قتل ہو رہا ہے۔
صدرطیب اردوان نے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے غزہ بچوں اور خواتین کا دنیا کا سب سے بڑا قبرستان بن گیا ہے، غزہ میں صرف بچوں کا نہیں بلکہ اقوام متحدہ اور مغرب کی اخلاقی روایات کا بھی قتل ہو رہا ہے۔
ترک صدر نے کہا کہ مغرب جن مغربی اخلاقی روایات کا دفاع کرتا ہے وہ بھی غزہ میں قتل کی جا رہی ہیں، ہم لبنان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جو اسرائیل کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔
صدر رجب طیب اردوان نے کہا انسانیت کے اتحاد سے اسرائیل کو روکنا ہوگا۔









