لندن :پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیر اہتمام یوم دفاع اور شہداء پاکستان کی یاد میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں 51 ممالک کے اراکین پارلیمنٹ، سفارت کاروں، دفاعی اتاشیوں سمیت معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اس موقع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع اور شہداء ہر پاکستانی سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے پیارے مادر وطن سے وفاداری اور خدمت کے جذبے کی تجدید کرے۔انہوں نے شہداء اور دھرتی کے بہادر بیٹوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید استقامت کا باعث ہیں۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو مضبوط بنانے میں مسلح افواج کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں تعیناتی کے دوران مختلف ممالک میں قیام امن میں ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا بھی دنیا اعتراف کرتی ہے۔
اس موقع پر کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا گیا جو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بے مثال خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس تقریب میں شہداء کے خاندان کے افراد نے بھی اس میں شرکت کی ۔ شہدا ءکی فیملیوں کو تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر بریگیڈیئر (ر) سعید عصمت، ایس جے نے 6 ستمبر 1965 کی جنگ کا چشم دید احوال بیان کیا۔ انہوں نے 1965 کی جنگ میں پاکستانی عوام کے جذبے کو بھی بیان کیا۔
لیفٹیننٹ کرنل شیراز شہید کی بیوہ اور کیپٹن اسفند یار بخاری شہید کے بھائی نے پاک فوج کی جانب سے شہداء کے خاندانوں کے لیے دی جانے والی بے پناہ مدد کا اعتراف کیا۔
آکسفورڈ سٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر اور آرمی پبلک سکول پشاور حملے میں زندہ بچ جانے والے احمد نواز نے مسلح افواج اور پوری قوم کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کو بیان کیا جس نے انہیں شاندار تعلیمی کامیابی حاصل کرنے میں مدد کی۔
سابق ورلڈ باکسنگ چیمپیئن عامر خان نے پاکستان آرمی کی طرف سے اپنے اعزازی کیپٹن کے عہدے اور پاکستان میں کھیلوں اور انسان دوستی کو فروغ دینے کے اپنے ویژن کے بارے میں فخر سے بات کی۔پاکستان ہائی کمیشن میں تعینات دفاعی اور نیول ایڈوائزر کموڈور محمد ذیشان نبی نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے حاضرین کو پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع اور پاکستان کی مسلح افواج کے ہر افسر اور سپاہی کی طرف سے استعمال کی جانے والی چوکسی کا یقین دلایا۔ آرمی اور ایئر ایڈوائزر کرنل تیمور راحت نے تقریب کی نظامت کی اور 1965 کی جنگ، اے پی ایس پشاور حملہ، بڈھ بیر حملہ اور کے پی کے کے قبائلی علاقوں میں کیے گئے آپریشنز کا خلاصہ پیش کیا۔ انہوں نے 4th/5th جنریشن وارفیئر کے چیلنجز پر روشنی ڈالی اور پاکستان کی مسلح افواج کی آگاہی، صلاحیت، موافقت اور کسی بھی جنگ کے کسی بھی میدان میں ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری کا اعادہ کیا۔
آخر میں قومی ملی نغموں اور گانوں کے ساتھ لائیو میوزک پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے شہداء کے لواحقین کو سووینئرز پیش کئے گئے۔ مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے بھی پاکستان کی مسلح افواج کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مختلف چیلنجز کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا اور شہداء کے خاندانوں سے گرم جوشی سے بات چیت کی۔
لندن :پاکستان ہائی کمیشن کے زیر اہتمام یوم دفاع و شہداء کی یاد میں شاندار تقریب کا انعقاد







