بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت کی طرف سے نجی بینک سے11 فیصد کی بھاری شرح سود پر قرض وصولی، آئی ایم ایف نے پول کھول دیا

واشنگٹن: آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے نجی بینک سے گیارہ فیصد کی بھاری شرح سود پر قرض وصولی کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے پاکستان کو اس قسم کا کمرشل قرضہ لینے کا نہیں کہا تھا۔  حکومت پاکستان نے بیرونی فنانسنگ گیپ کو پُر کرنے کے لیے سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک سے یہ کہہ کر قرض مانگا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری کے لیے اس قرض کا حصول ضروری ہے۔ حکومت نے لندن کے اسٹینڈرڈ چارٹر بینک سے گیارہفیصد کی شرح سود پر 600 ملین ڈالر قرض حاصل کرنے کا معاہدہ کرلیا جو اب تک حاصل کیے گئے قرضوں میں سب سے زیادہ شرح سود پر حاصل کیا گیا قرض ہے۔ وزارت خزانہ کاکہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اس قرض کے حصول میں ہچکچاہٹ کا شکار تھی، لیکن دیگر ذرائع سے قرض کے حصول میں ناکامی کے بعد یہ کڑوا گھونٹ بھرنا پڑا۔   سینئر حکومتی عہدیدار کے مطابق کوئی بھی بینک کم شرح سود پر قرض فراہم کرنے کو تیار نہیں ہے، لہذا مجبوری میں یہ قرض بھاری شرح سود پر لینا پڑا   تاہم آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے سات ارب ڈالرز قرض پروگرام کی منظوری دی اور آج ترجمان آئی ایم ایف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے 11 فیصد شرح سود پر کمرشل فنانسنگ کا حصول ہمارے علم میں نہیں ہے۔  آئی ایم ا یف کے ترجمان کا کہناہے کہ عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کو اس قسم کا کمرشل قرضہ لینے کا نہیں کہا، آئی ایم ایف پروگرام کی یقین دہانیوں کے لیے اس طرح کی کوئی فنانسنگ ضروری نہیں ہے۔