بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور برطانیہ کا باہمی تعلقات ،مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق 

 

نیو یارک: وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیر اعظم رائٹ آنرایبل سر کیئر اسٹارمر سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں کے مابین پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے معاشی استحکام کے بعد ملکی معیشت کی ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات بالخصوص ایف بی آر کی اصلاحات اور ٹیکس بیس میں اضافے پر روشنی ڈالی۔
محمد شہباز شریف نے ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پاکستان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے تدارک کے لیے عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے برطانیہ کے تیسرے بڑے ملک ہونے کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی عوامی روابط کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انکو باہمی طور پر ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے مفید طور پر استعمال کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔