بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  مایوسی پھیلانے والے عناصر شکست کھا چکے ہیں،سپہ سالار

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ وہ افراد جو معاشرے میں مایوسی پھیلانے کی ناکام کوششیں کر رہے تھے، تمام سٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں سے شکست کھا چکے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے کراچی میں تاجر برادری کے رہنماؤں سے ملاقات کی ۔
انہوں  نے برادر اور دوست ممالک، خاص طور پر چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی ملک کی معاشی بحالی میں کئی شعبوں میں مدد کوسراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس مختلف سیکٹرز میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ قوم کو پاکستان کے روشن مستقبل پر مکمل یقین اور اعتماد ہونا چاہیے، اللہ کے حکم سے پاکستان اپنے حقیقی مقام تک پہنچے گا۔
اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی کور کے علاقے کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں اور فوج کے زیر اہتمام اہم تربیتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے “انوویسٹا انڈس آئی ٹی پارک” کا افتتاح بھی کیا۔
یہ پارک پاکستان کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعلیم اور صنعت کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے قائم کیا گیا ۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر اہم سول سوسائٹی کی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے آئی ٹی کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور بتایا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے بروئے کار لایا جا سکے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ آرمی چیف نے منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں، ہم پہلے سے ہی ایک تیز رفتار ترقی کی طرف گامزن ہے۔
آرمی چیف نے کراچی کی کاروباری برادری سے بھی ملاقات کی اور ملک کی اقتصادی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا جبکہ شرکاء نے ایس آئی ایف سی کی کارکردگی کی تعریف کی اور ملکی معیشت میں مثبت پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ایف سی مزید معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔
آرمی چیف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے تمام اقدامات کی حمایت کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے برادر اور دوست ممالک، خاص طور پر چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی پاکستان کی معاشی بحالی میں کئی شعبوں میں مدد پر بھی تعریف بھی کی۔ قبل ازیں  کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔