لاہور(نیوز ڈیسک)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر ٹمبر مافیا کے خلاف ایک گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ماحول دوست ویژن کے تحت درختوں کی غیرقانونی کٹائی اور خریدو فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ جنگلات کی جانب سے فارسٹ ایکٹ میں ترامیم کے ذریعے قانون کو مزید موثر بنایا جائے گا، تاکہ ملوث افسران اور افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔
راولپنڈی نارتھ فارسٹ ڈویژن میں ایک ماہ کے دوران ٹمبر مافیا کے خلاف متعدد کارروائیاں کی گئیں، جن میں 10 ٹرک، جیپ اور لینڈ روورز کو ضبط کیا گیا۔ 20 افراد کو گرفتار کر کے لکڑی کی سمگلنگ پر 8 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات کی ہدایت کی ہے کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور ملوث افسران کے خلاف سخت سزائیں دی جائیں۔ جدید ٹیکنالوجی جیسے جی آئی ایس، ڈرون اور تھرمل کیمرے استعمال کرتے ہوئے نگرانی کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ “جو درخت چوری کرے گا یا کاٹے گا، وہ گرفتار ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ درختوں کی غیرقانونی کٹائی ایک جرم ہے اور ٹمبر مافیا کو کھلا نہیں چھوڑا جا سکتا۔
یہ کارروائیاں سموگ میں کمی اور ایئر کوالٹی انڈیکس کو بہتر رکھنے کے لیے بھی اہم ہیں، کیونکہ جنگل ایکوسسٹم کی بنیاد ہیں۔ مزید کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔







